دارالعلم انگلش میڈیم اسکول اور ہوپ اسکول وتھ اسپیشل نیڈس کی جانب سے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کے لیے استقبالِ رمضان کے موضوع پر ایک اہم پروگرام کا انعقاد نور باغ برانچ کیمپس میں رکھا گیا۔ جس میں کلیدی خطاب شہر کے معروف عالمِ دین مولانا محمد زید ایوبی ملی صاحب (سابق ناظمِ دینیات جامعة الھدیٰ) نے دیا۔ آپ نے فرمایا کہ رمضان کا استقبال پورے شعور، محاسبہ نفس اور تقوی کے ساتھ کرنے کے لیے قرآن سے اپنے رشتے کو جوڑیں۔ رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے۔ قرآن دنیا کی سب سے مظلوم کتاب ہے جو بغیر سمجھے پڑھی جاتی ہے۔ آپ نے اسے سمجھ کر پڑھنے پر زور دیا۔ ساتھ ہی اسکول مینیجمنٹ کی جانب سے اسٹاف کو ہر سال ترجمہ قرآن مجید تحفہ دیئے جانے پر تحسین کا اظہار کیا۔
پروگرام کا آغاز منزہ میم (ٹیچر قلعہ برانچ) کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ افتتاحی کلمات میں اسکول کی پرنسپل افراح ناز میم نے پورے رمضان سے فیضیاب ہونے کے لیے کئی نکات پیش کیے اور لیلة القدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔
اس سے قبل مولانا زید ایوبی کا استقبال اسکول کے چیئرمن محمد حذیفہ ہدائی سر نے گلدستہ اور ایک خوب صورت تحفہ پیش کر کے کیا۔ مولانا کے خطاب کے بعد ٹیچرس کو روزہ کے مسائل کے متعلق سوالات کا بھی موقع دیا گیا۔ جس کے اطمینان بخش جوابات مولانا محترم نے دیا۔
بعد ازاں جملہ اسٹاف ممبرس کو ترجمہ قرآن مجید، رمضان گائیڈ کتاب اور کھجور کا تحفہ مینیجمنٹ کی جانب سے پیش کیا گیا۔ حارث سر (انچارج ہوپ اسکول) کے اظہارِ تشکر اور مولانا زید ایوبی کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ نظامت پرنسپل میم نے کی۔