ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے باگچی نے کہا: "ہم تیار ہیں۔ ہم زمین پر اپنی ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں لیکن یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ لڑائی میں جنگ بندی کتنی دیر تک جاری رہتی ہے اور انخلا کے لئے محفوظ مقامات دستیاب ہیں ۔ زمینی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ ہماری توجہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر ہے۔ ہم مختلف ذرائع سے لوگوں سے رابطے میں ہیں۔"
باگچی نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر، جو نیویارک میں ہیں، سوڈان میں جاری بحران پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ خرطوم میں ہندوستانی سفارت خانہ " الگ الگ مقامات سے کام کرنے والے افسران کے ساتھ کھلا ہے، کام کر رہا ہے اور سبھی خدمات فراہم کر رہا ہے، کیونکہ فی الحال کوئی بھی عمارت کے اندر نہیں ہے۔"باگچی نے کہا کہ ہندوستان پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہمارا مشن ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان ممالک سے رابطے میں ہے جن کا سوڈان میں اہم رول ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس بحران میں ایک ہندوستانی کی بدقسمتی سے موت ہوئی ہے۔ ہمارا سفارت خانہ متوفی کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے۔