مالیگاؤں: نزول قرآن کی نسبت سے لیلۃ القدر بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ وہ مبارک شب ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ جس پر پوری سورۂ مبارکہ نازل ہوئی۔ ہمیں ایسے مقدس و پاکیزہ لمحات میں زیادہ سے زیادہ عبادت و نیک اعمال کا اہتمام کرنا چاہیے۔قرآن مقدس نے زندگیوں میں انقلاب برپا کر دیا۔ قلب مصطفیٰ ﷺ پر نازل ہونے والی اس کتاب کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے لیا ہے۔ حفاظِ کرام کے سینوں میں قرآن مقدس کامحفوظ ہوجانا اعجازِ قرآن ہے۔ آج لاکھوں حفاظ تراویح میں قرآن مقدس کی تلاوت کرتے
ہیں اور اس کی برکتوں سے مسلم معاشرہ پرنور ہے۔ اس طرح کا اظہارِ خیال غلام مصطفیٰ رضوی(نوری مشن) نے مدینہ مسجد میں شبِ قدر کی مناسبت سے ختم قرآن کریم کی بابرکت محفل میں کیا۔موصوف نے سورۂ قدر کے مفہوم کی نسبت سے کئی نکات بیان کیے اور انعام و اکرام الٰہی کا بیان کیا۔ آپ نے حافظ فراز احمد برکاتی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حافظ صاحب مدینہ مسجد میں پابندی کے ساتھ تقریباً ۳۳؍سالوں سے قرآن مقدس سنانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔پابندیِ وقت کے ساتھ فرض
منصبی کی ادائیگی قابلِ قدر ہے۔ اس موقع پر حافظ فراز احمد برکاتی نے عالم اسلام میں امن و امان اور بیت المقدس کی بازیابی کے لیے رقت انگیز دعا کی اور یہ پیغام دیا کہ قرآنی احکام پر عمل کریں۔اپنی زندگی شریعت کے سانچے میں ڈھال لیں کہ یہی راہ کامیابی کی ہے۔ ازیں قبل ٹرسٹیانِ مدینہ مسجد و انتظامیہ کمیٹی نے حافظ فراز احمد برکاتی کی خدمات کے اعتراف میں موصوف کی تہنیت و ستائش کی۔اس موقع پر مدینہ مسجد مصلیان سے مکمل طور پر پُر تھی۔ رقت انگیز دعا میں پوری مسجد
آمین کی صداؤں سے گونج رہی تھی۔ ماحول روح پرور و ایمان افروز تھا۔ اخیر میں تبرک تقسیم کیا گیا۔ محفل سجانے میں سلیم راشن والے، محمد طاہر، عارف سیٹھ، حسن مقادم، سلیم احمد، محمد زاہد مجو سمیت انتظامیہ کمیٹی سے منسلک افراد نے حصہ لیا-
***
19-04-2023