نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں صرف اس بنیاد پر مہاجر مزدوروں کو راشن کارڈ دینے سے انکار نہیں کر سکتیں کہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ (این ایف ایس اے) کے تحت آبادی کا تناسب مناسب طریقے سے برقرار نہیں رکھا گیا ہے۔
جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس احسان الدین امان اللہ کی بینچ نے کہا کہ ہر شہری کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ ملنا چاہئے اور فلاحی ریاست میں یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام تک پہنچے ۔
بینچ نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی یا کوئی کوتاہی ہوئی ہے۔ پھر بھی اگر کچھ لوگ چھوٹ جاتے ہیں تو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو دیکھنا چاہئے کہ انہیں راشن کارڈ مل جائے۔