اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہ ہر کوئی اب کہہ رہا ہے کہ اکیسویں صدی ہندوستان کی صدی ہے اور ملک کے پاس نوجوان طاقت کا خزانہ ہے، وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بی جے پی اور ملک کے نوجوانوں کی سوچ ایک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سدھار لے کر آئے اور نوجوان نتیجہ لے کر ۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کیرالہ کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی ہر صلاحیت سے ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے، اس کیلئے انہوں نے کئی مثالیں بھی دیں ۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ کچھ ہفتہ پہلے میں کیرالہ کے ایک 99 سالہ وی پی اپپوکٹٹا پوڈوول سے ملا ۔ بی جے پی سرکار نے انہیں پدم ایوارڈ دے کر اپنا فخر بڑھایا ۔ اسی طرح کلارپیٹٹو گرو ایس آر ڈی پرساد ہوں، یا روایتی کھیتی کو فروغ دینے والے کسان چیروویل رمن ہوں، ہمیں کیرالہ کی ہر صلاحیت سے سیکھنے کو ملتا ہے ۔اپوزیشن پارٹیوں پر نشانہ سادھتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ پچھلی سرکاریں جہاں بدعنوانی کیلئے جانی جاتی تھیں، وہیں بی جے پی سرکار نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف خود کفیل سماج بنانا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی سرکار نوجوانوں کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر کام کرتی ہے ۔اس کی ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے سینٹرل آرمڈ پولیس فورسیز میں کانسٹیبل عہدہ کیلئے ہندی اور انگریزی کے علاوہ ملیالم سمیت تیرہ دیگر زبانوں میں امتحان کرنے کے مرکز کے حالیہ فیصلہ کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ سوچتے تھے کہ ہندوستان میں کچھ نہیں بدلے گا، لیکن آج ہمارا ملک پوری دنیا کو بدل سکتا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج کا خودکفیل ہندوستان ڈیجیٹل ہندوستان کے بارے میں بات کرتا ہے ۔