مالیگاؤں کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش۔ 12 نومبر کی طرح کارروائی کا مطالبہ
مالیگاؤں(پریس ریلیز ) شہر مالیگاؤں کے پر امن ماحول کو گاہے بگاہے خراب کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ لیکن شہریان نے ہر مرتبہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ رمضان کا مبارک مہینہ چل رہا ہے۔ اس دوران برادران وطن کا رام نومی کے پیش نظر پیدل یاترا بھی جاری ہے۔ روزآنہ صبح شام مسلم علاقوں سے نعروں اور باجوں کی آواز میں یاترا گزر رہی ہے۔ باوجود اس کے مسلم بھائی صبر تحمل اور بہترین اخلاق کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
لیکن 1 اپریل 2023 سنیچر کے روز یاترا میں شامل شرپسند، اور سماج دشمن عناصر نے آگرہ روڈ بس اسٹینڈ سے گزرتے ہوئے ایس ایس موبائل پوائنٹ ، برفی کی دوکان اور دیگر دوکانوں پر زبردست پتھراؤ کیا۔ نعرے بازی کرتے ہوئے مالیگاؤں میں فساد برپا کرنے کی کوشش کی۔ اس حادثے پر جہاں شہریان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا وہیں پولس انتظامیہ نے بھی موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بڑی سمجھداری اور مستعدی سے حالات پر نظر رکھی۔ جس کی وجہ سے ماحول خراب ہونے سے بچ گیا۔ حالانکہ پتھراؤ سے دوکانوں کا نقصان بھی ہوا۔ اس پورے معاملے کی کانگریس پارٹی اور صدر اعجاز بیگ و عہدیداران کی جانب پر زور مذمت کی جاتی ہے۔
مالیگاؤں شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اعجاز بیگ کی جانب پولس انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ ان شرپسندوں پر کڑی سے کڑی قانونی کارروائی کی جائے۔ تاکہ مستقبل میں کسی اور کو ایسا کرنے کا حوصلہ نہ ملے۔ مزید یہ کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی تو عید بعد کانگریس پارٹی بڑا جلسہ لے کر تحریک چھیڑے گی۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔ کیا اس معاملے میں بھی پولس 12 نومبر کی طرح کارروائی کرے گی یا پھر خاموش تماشائی بنے رہے گی ؟ آخر ان شرپسندوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے ؟ مسلم علاقوں سے گزرتے ہوئے ان میں اتنی ہمت کہاں سے آئی ؟ ان لوگوں کو فساد پھیلانے کی کوشش کرنے کس نے کہا ؟ کیا ان تمام نکات کو اجاگر کیا جائے گا ؟ اب دیکھنا یہ ہے کہ انصاف ہوگا یا پھر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔!