***
اعلیٰ حضرت کی تصانیف اسلامی افکار کی آئینہ دار ہیں
اپریل 29, 2023
مالیگاؤں : ہند کی سرزمین پر جب عظمت توحید پر حملہ ہوا تو عظمتِ وحدانیت و شانِ الوہیت کی حفاظت کیلئے مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی نے مثالی خدمات پیش کیں- نتیجہ یہ ہوا کہ دین کا پاکیزہ چہرہ نکھر گیا اور باطل پسپا ہوا- اس طرح کا اظہارِ خیال معینیہ مسجد میں ٢٨ اپریل ٢٠٢٣ء کو قبل از نمازِ جمعہ غلام مصطفیٰ رضوی نے اپنے خطاب میں کیا- یومِ ولادتِ اعلیٰ حضرت کی نسبت سے فرمایا کہ: جب انگریز کی سازشوں کے نتیجے میں ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں بے ادبی کی گئی اور نت نئے افکار وجود میں آئے تو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا نے استدلال کے ساتھ ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا- حسام الحرمین جیسا اہم فتویٰ جاری فرمایا- جس پر ٣٣ علماے حرمین کی تصدیقات ہیں- آپ کی تصانیف اسلامی افکار کی آئینہ دار اور سرحد اسلام کی پاسبان ہیں- عشقِ رسول کی بنیاد پر آپ کا قصیدۂ سلامیہ "مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام" پوری دنیا میں مشہور و مقبول اور زبان زد عام و خاص ہے- آپ کا مسلکِ عشق و عرفان دین حق کی پہچان بن چکا ہے.... تحفظِ ناموسِ رسالت کیلئے اعلیٰ حضرت کی کئی تصانیف کا اجمالی تعارف پیش کیا- اس موقع پر بعد از نمازِ جمعہ حافظ شاہد رضا(خطیب و امام معینیہ مسجد) نے خصوصی دعا کی اور مسلمانوں کے جان مال عزت و آبرو کے ساتھ ہی متاعِ عشقِ رسول کے تحفظ کی دعا کی گئی- رپورٹ فرید رضوی نوری مشن مالیگاؤں نے ارسال کی-