دراصل سی بی آئی شراب پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کر رہی ہے، جس کیلئے مرکزی تفتیشی ایجنسی نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سسودیا کو 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی بھی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں سسودیا سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایکسائز پالیسی میں بدعنوانی میں سسودیا اہم سازشی ہیں۔
الزام ہے کہ دہلی حکومت کی 2021-22 کی ایکسائز پالیسی میں شراب کے تاجروں کو لائسنس دینے کیلئے کچھ ڈیلروں کو فائدہ پہنچایا گیا، جنہوں نے مبینہ طور پر اس کیلئے رشوت دی تھی۔ یہ پالیسی بعد میں منسوخ کر دی گئی تھی۔اس سے پہلے 17 اپریل کو قومی راجدھانی کی ایک خصوصی عدالت نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے دائر کردہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے لیڈر منیش سسودیا کی عدالتی حراست کی مدت بڑھا دی تھی ۔دونوں معاملوں میں سسودیا کی عدالتی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں خصوصی جج ایم کے کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس کے بعد عدالت نے سی بی آئی معاملہ میں سیسودیا کی عدالتی حراست میں 27 اپریل تک اور ای ڈی معاملہ میں 29 اپریل تک توسیع کردی تھی۔