اسلام آباد: پڑوسی ملک پاکستان میں سیاسی طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دریں اثنا، خبر ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ بڑے لیڈر ان کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ فرنٹ لائن لیڈران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق کریم کنڈی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، 'پی ٹی آئی کے کچھ اعلیٰ لیڈران پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں اور ہماری پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کی قیادت نے تاحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ وہ (پی ٹی آئی لیڈڑ) وہ ہیں جنہوں نے سرخ لکیر پار کر لی ہے اور جب تک ہماری پارٹی انہیں منظوری نہیں دیتی ہے، وہ پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوسکتے۔‘‘ کریم کنڈی کے دعوے نے پی ٹی آئی میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔