نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی تقریب کے پیش نظر اس کے آس پاس دہلی پولیس اور پیرا ملٹری فورس کا سخت پہرہ رہے گا۔ اتوار کو وزیراعظم نئے پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح انجام دیں گے اور اسی وقت پارلیمنٹ کے سامنے کھاپ پنچایتوں نے خاتون پہلوانوں کی حمایت میں ’مہیلا پنچایت‘کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ دہلی پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی ہے۔ ایسے میں کسی بھی طرح کے تصادم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ کے آس پاس دہلی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کی 20 کمپنیاں تعینات رہیں گی۔ اس میں 10 کمپنیاں خاتون سیکورٹی فورس کی ہوں گی۔
اس کے علاوہ لوٹین زون میں پارلیمنٹ کے اطراف کی تمام سڑکیں دوپہر 3:30 بجے تک عام لوگوں کے لیے بند رہیں گی۔ ساتھ ہی پارلیمنٹ کے قریب میٹرو اسٹیشن بھی بند رہیں گے۔ پولیس نے اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف کے علاقوں میں سڑکوں پر آنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔