پارلیمنٹ چناؤ میں سیکولر ووٹوں کو متحد کرتے ہوئے حکمت عملی سے انتخاب لڑنے کیلئے این سی پی کی تیاری
مئی 30, 2023
ممبئی (نامہ نگار) آئندہ سال ہونے جارہے لوک سبھا چناؤ کے تناظر میں مہاراشٹر پردیش راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد پارٹی کے ہیڈ کوارٹر ممبئی میں کیا گیا ۔اس موقع پر پارٹی کے قومی صدر شردپوار، ریاستی صدر جینت پاٹل ،اپوزیشن لیڈر اجیت دادا پوار، ناسک ضلع کے سینئر لیڈر و سابق وزیر چھگن بھجبل، محبوب شیخ وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر پردیش این سی پی کے صدر جینت پاٹل نے سب سے پہلے ناسک حلقہ پارلیمنٹ میں این سی پی کی موجودہ صورت حال کیا ہے پر تبادلہ خیال کیا ۔اور اس حلقہ سے این سی پی امیدوار کون ہوگا اور ووٹوں کا تناسب کیا ہوگا؟ کیا این سی پی کی سیٹ ناسک لوک سبھا حلقہ انتخاب سے کامیاب ہوسکے گی؟ جیسے سوالات کے تفصیلی و مدلل جواب مع زمینی حقائق حاصل کئے گئے ۔ضلع صدر و ایم ایل ایز نے اسمبلی حلقہ کی ووٹیں اور پارلیمنٹ میں پارٹی کی سابقہ و موجودہ پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر ناسک لوک سبھا سیٹ پر این سی پی کو مہا وکاس اگھاڑی کے توسط سے کامیابی ملنا طئے ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔پارٹی لیڈران نے ناسک لوک سبھا کے احوال کو جمع کرتے ہوئے آئندہ فیصلہ دو ماہ بعد لینے کا اعلان کیا ہے اور تمام ایم ایل ایز و ضلع صدور سمیت ورکروں کو پارلیمنٹ الیکشن کی تیاری کا حکم دیا ہے ۔اسی طرح دوسرا اہم حلقہ ڈنڈوری لوک سبھا سیٹ پر بھی این سی پی اپنا امیدوار میدان میں اتارے اس کیلئے کیا لائحہ عمل طے کیا جائے؟ اس پر ڈنڈوری لوک سبھا حلقہ پارلیمنٹ کے علاقوں میں آنے والے اسمبلی کے ووٹوں کا تناسب اور مختلف سماج کے ساتھ سیکولر ووٹوں کا اتحاد پارٹی کی پوزیشن پر کیا اثر کریگا؟ اس پر بھی مقررین نے پارٹی کے عہدیداران شرد پوار جینت پاٹل اور اجیت دادا پوار و چھگن بھجبل کو خاطر خواہ تیقن دیا ۔اسی ضمن میں مالیگاؤں دھولیہ لوک سبھا سیٹ پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کی کیا پوزیشن رہے گی؟ اگر پارٹی دھولیہ لوک سبھا سیٹ پر این سی پی کا امیدوار میدان میں اتارتی ہے تو کیا این سی پی کو کامیابی ملے گی؟ اس ضمن میں آصف شیخ رشید نے دھولیہ لوک سبھا سیٹ میں مسلم ووٹوں کی تعداد، مراٹھا و مالی سماج کے ووٹ اور دلت سماج کے ووٹوں کی تعداد اور مہاوکاس اگھاڑی کے ووٹوں کی تفصیلات پیش کی جسے پارٹی ہائی کمان نے سنجیدگی سے سنا ۔اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ اگر راشٹروادی کانگریس پارٹی کو دھولیہ مالیگاؤں حلقہ پارلیمنٹ پر امیدواری کا موقع ملتا ہے تو ہم اس سیٹ پر کامیابی حاصل کریں گے ۔یہاں ناسک ضلع این سی پی کے ضلعی صدر نانا پگارے نے کہا کہ مالیگاؤں باگلان، مالیگاؤں آؤٹر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم دھولیہ لوک سبھا سیٹ پر کامیابی حاصل کرلیں گے ۔ناسک، دھولیہ ،ڈنڈوری لوک سبھا سیٹ پر این سی پی کو امیدواری کرنے کے سوال پر مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد پارٹی ہائی کمان نے خاطر خواہ اطمینان کیا ۔اس موقع پر اجیت دادا پوار، جینت پاٹل اور چھگن بھجبل نے بھی شرد پوار کی موجودگی میں تینوں حلقہ لوک سبھا سیٹ پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے تمام عہدیداروں اور ورکروں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ امیدواروں کے نام پیش کریں، ابھی سے عوام کے درمیان جاکر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشش کریں ۔عوامل رابطہ بڑھائیں، سیکولر ووٹوں کو متحد کرنے کی کوشش کریں تب جاکر ہمیں کامیابی ملے گی ۔انہوں نے آئند اس بارے میں کوئی فیصلہ لینے کا اعلان کیا ہے ۔یہ ابتدائی میٹنگ شرد پوار کی صدارت میں منعقد کی گئی تھی ۔آئندہ اس ضمن میں مزید میٹنگ کرتے ہوئے صورت حال کے مطابق فیصلہ لیا جائے گا ۔اس موقع پر محبوب شیخ،آصف شیخ رشید ،ایم ایل اے مانک راؤ کوکاٹے، سمیر بھجبل ، پنکج بھجبل، ایم اے دلیپ بنکر، ایم ایل اے نتن پوار ،سروج آہیر ، اپورو ہیرے ،نانا پگارے ، سمیت ناسک، دھولیہ، ڈنڈوری لوک سبھا حلقہ پارلیمنٹ کے این سی پی لیڈران و ضلع صدور موجود تھے ۔