اس سے قبل دہلی میں پہلوان ونیش پھوگاٹ (Vinesh Phogat ) نے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر پر کوئی کارروائی نہ کرنے اور ایک کمیٹی بنا کر معاملے کو دبانے پر تنقید کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہم نے مرکزی وزیر کھیل (انوراگ ٹھاکر) سے بات کرنے کے بعد اپنا احتجاج ختم کیا اور تمام کھلاڑیوں نے انہیں جنسی ہراسانی کے بارے میں بتایا ہے۔ انہوں نے ایک کمیٹی بنا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی اور اس وقت کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ٹوکیو اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان بجرنگ پونیا، ونیش پھوگاٹ اور ساکشی ملک جیسے اسٹار ریسلرز نے جمعہ کو کہا کہ وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ انہیں سلاخوں کے پیچھے نہیں بھیجا جاتا۔ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر دھرنے پر بیٹھے پہلوانوں اور دہلی پولیس کے درمیان بدھ کی دیر رات جھڑپ ہوگئی تھی۔ پہلوانوں نے الزام لگایا تھا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے انہوں نے سونے کے لیے تہہ فولڈنگ بیڈس منگوائے تھے۔ تاہم پولیس نے احتجاجی مقام پر پہنچنے سے پہلے ہی اسے روک دیا تھا۔