ہم کاغذ پر نہیں بلکہ زمین پر کام کرنے والے ہیں، میمورنڈم دیکر فنڈ منظور کروانے کا بیان دیکر عوام کو گمراہ کرنے والوں میں سے ہم نہیں :شیخ رشید
مئی 06, 2023
مالیگاؤں :(پریس ریلیز) جونا آزاد نگر پولس اسٹیشن سے خانقاہ اشرفیہ مسجد تک اور خانقاہ اشرفیہ سے بوہرہ باغ سے متصل نالے تک انڈر گراؤنڈ آر سی سی نالے کی تعمیر کیلئے آج بروز سنیچر کو بعد نماز عصر ایک تقریب سنگ بنیاد کا انعقاد راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق میئر شیخ رشید کے ہاتھوں رکھا گیا ۔اس تقریب کی صدارت رشید اسٹو والے نے انجام دی جبکہ مقررین میں آصف شیخ رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں اس وقت کی مہاوکاس اگھاڑی سرکار سے ہم نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار سے پانچ کروڑ فنڈ حاصل کیا تھا اسی ضمن میں 2 کروڑ 69 لاکھ روپے تخمینہ سے جونا آزاد نگر پولس اسٹیشن سے خانقاہ اشرفیہ مسجد بوہرہ باغ تک آر سی سی نالے کی انڈر گراؤنڈ تعمیر بھی منظور کی گئی تھی لیکن اقتدار کی تبدیلی سے شندے فرنویس حکومت نے اس کام پر اسٹے لگایا تھا ۔آصف شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے موجودہ سرکار سے اسٹے ہٹانے کی پوری کوشش کی اور ہمیں کامیابی ملی ۔انہوں نے کہا کہ شب برات بعد ہی اس کام کا آغاز کرنا تھا لیکن گاندھی مارکیٹ اور اطراف کے دکانداروں کے مطالبہ پر ہم نے رمضان المبارک کے سیزن کو مد نظر رکھ کر اس کی تعمیر عید بعد آج شروع کی ہے ۔راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید نے کہا کہ اس نالے کی تعمیر سے گرو وار وارڈ کی عوام کے تقریباً پچاس سالہ عوامی مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا ۔خیال رہے کہ قلب شہر سے بارش کا پانی گٹروں کے ذریعے نئے و جونے آزاد نگر، توکل نگر ،گاندھی نگر ،ایوب نگر، امن پورہ ،جمہور نگر، چمن نگر، سلیم منشی نگر سمیت مالدہ اور گرووار وارڈ کے علاقوں میں جایا کرتا ہے جس سے نمازیوں کو تکالیف اور اسکولی بچوں، طلباء اور خواتین کو حد درجہ پریشانی برداشت کرنا پڑتی رہی ہیں ۔ان تکالیف کو دیکھتے ہوئے ہم نے وارڈ کی عوام کے دیرینہ مسائل کی تکمیل کیلئے طویل جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی اور آج الحمد للہ اس کا سنگ بنیاد شیخ رشید کے ہاتھوں رکھا گیا ۔آصف شیخ نے بتایا کہ کہ جونا آزاد نگر پولس اسٹیشن کے پاس سے سپنا سائزنگ بجرنگ واڑی تک اور سپنا سائزنگ بجرنگ واڑی سے مسجد خانقاہ اشرفیہ تک اور خوشامد پورہ خانقاہ مسجد سے لیکر بوہرہ باغ مین نالے تک 2 کروڑ 39 لاکھ روپے تخمینہ سے سمینٹ کانکریٹ انڈر گراؤنڈ آر سی سی نالہ کی تعمیر کی جائے رہی ہیں۔انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس انڈر گراؤنڈ گٹر پر توجہ دیں ۔اپنی دکانوں کے اطراف کا اتی کرمن صاف کرلیں ۔اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ عوام اتی کرمن نکالے اور راہ گیروں کو تکلیف دینے سے اپنے آپکو بچائیں ۔کام کو کوالٹی پر توجہ دیں ۔انہوں نے ٹھیکہ دار سے بھی گزارش کی کہ وہ عمدہ کام کرے کوئی شکایت کا موقع نہ دیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف شیخ کی جدوجہد سے پانچ کروڑ فنڈ میں سے 2 کروڑ 39 لاکھ روپے تخمینہ سے آر سی سی انڈر گراؤنڈ گٹر کی تعمیر کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں ہم نے طاہرہ شیخ کے دور میں چھگن بھجبل سے پانچ کروڑ فنڈ لایا، آصف شیخ نے مزید دس کروڑ فنڈ لایا اور شہر بھر کے اہم راستوں کی سمینٹ کانکریٹ تعمیر کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے بجٹ سے آگرہ روڈ اور کسمبا روڈ کی تعمیر مکمل کی۔شیخ رشید نے کہا کہ میئر طاہرہ شیخ کے دور میں آخری مہا سبھا میں آگرہ روڈ کے فیز تھری کیلئے مزید 20 کروڑ روپے مختص کیا اور اب اسکا بھی تعمیری کام جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم شہر بھر میں کام کرنا چاہتے ہیں اور کام کررہے ہیں ۔مستقبل میں بھی عمدہ کام کرنا ہمارا مقصد ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم کاغذ پر کام نہیں کرتے اور نا ہی میمورنڈم دیکر ہم فنڈ منظور ہونے کا گمراہ کن بیان دیکر عوام کو دھوکہ دیتے ہیں بلکہ ہم زمین کام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پوار واڑی روڈ کی تعمیر کیلئے وارڈ کی عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے تو شہر کے ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل کہتے ہیں کہ میں نے یہ کام منظور کروایا لیا ہے جبکہ وہ بعد میں جاکر کمشنر سے پوار واڑی روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈ طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں یعنی وہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔شیخ رشید نے کہا ہمارا کام عمدہ کوالٹی میں ہورہا ہے ندی کے اس پار دادا بھسے ہے سو کروڑ کے فنڈ میں سمینٹ کم اور گریٹ زیادہ استعمال ہورہی ہیں جس سے روڈ خراب کوالٹی میں تعمیر ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی چناؤ میں دادا بھسے کو شکست دکھائی گئی اب کارپوریشن اور اسمبلی چناؤ میں بھی دادا بھسے کو شکست سے دوچار کروایا جائے گا ۔اس تقریب سنگ بنیاد میں سابق کارپوریٹر رفیق شیخ افضل المعروف رفیق بھوریہ نے وارڈ کی عوام کیجانب سے شیخ رشید اور آصف شیخ کا شکریہ ادا کیا اور اس کام پر نگرانی رکھنے کا عزم ظاہر کیا ۔اس موقع پر مولانا ابوالکلام آزاد روڈ کے دکانداروں کے علاوہ گرو وار وارڈ کی عوام اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے عہدیداران و ورکروں کی کثیر تعداد کیساتھ ساتھ رفیق بھوریہ، نثار راشن والا،سمیر علی تراب علی، بابو ممبر، غازی مظفر خان، ریاض علی ،سلیمان پہلوان،احد ممبر، عزیز پہلوان، شریف منصوری، مشرف رنگاڑی، ایاز سیٹھ پلاسٹک والے ،ندیم پھنی والا ،سپڑیاماسٹر، سلیم ممبر پلاسٹک والے وغیرہ موجود تھے ۔