مالیگاؤں(پریس ریلیز ) شہر میں جا بجا گندگی کے انبار، مچھروں کی بڑھتی تعداد، کتوں کی دھما چوکڑی، صاف صفائی کا فقدان اور وقت پر پانی نہ ملنا و پانی کی قلت جیسے بے شمار مسائل کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ اتنے سارے مسائل کے باوجود کارپوریشن کسی بے غیرت و بے شرم کی طرح خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ افسران کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ اسی لئے مالیگاؤں شہر کانگریس پارٹی کے صدر اعجاز بیگ کی قیادت میں 8 مئی 2023 بروز پیر دوپہر میں تین بجے مالیگاؤں کارپوریشن پر پر ہجوم احتجاجی شکل میں کمشنر نہ ہونے کی صورت میں نائب کمشنر کا گھیراؤ کیا گیا اور شہر کے سلگتے ہوئے مسائل پیش کرتے ہوئے میمورنڈم دیا گیا۔ اس موقع پر صدر اعجاز بیگ نے کہا کہ کسمبا روڈ سے اتی کرمن کو فورا صاف کیا جائے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی طرح شبیر نگر، منشی شعبان نگر اور گلشیر نگر وغیرہ علاقوں میں پانی کی قلت ہورہی ہے۔ اس لئے یہاں کے ساکنان کو اسلامپورہ پانی کی ٹانکی سے پانی فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر سیکرٹری عبدالغفار آسام ٹی نے کہا کہ شہر میں چار پانی کی ٹانکی منظور ہوئی ہے۔ اگر ایک ٹانکی ان علاقوں میں تعمیر ہوجائے تو پانی کی تکلیف دور ہوسکتی ہے۔ کیونکہ علی اکبر والی ٹانکی میں پانی کی گنجائش کم ہے۔
اسی درمیان کانگریس کی مہاراشٹر او بی سیل سیکرٹری شمیم بانو شیخ شکیل بڑی تعداد میں خواتین کا مورچہ لے کر کارپوریشن پہنچ گئی۔ جہاں موصوفہ نے راستوں کی خرابی، پانی کی تکلیف اور صاف صفائی کا فقدان جیسے مسائل پر آواز بلند کی۔ اس موقع پر صدر اعجاز بیگ نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے ورنہ بڑی تحریک کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔ جس پر نائب کمشنر نے دو تین روز میں تمام افسران و ملازمین کو طلب کرکے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر نائب صدر جمیل کرانتی، نائب صدر ڈاکٹر منظور حسن ایوبی، نائب صدر احتشام بھائی بیکری والے، ترجمان زین العابدین پٹھان، ترجمان عمران راشد، جوائنٹ سیکریٹری صابر بھائی موبائل والے، عبدالقیوم بھایا، بلاک صدر فرید احمد، مالیگاؤں او بی سی سیل صدر عبد الحفیظ لینسیہ، اختر ریڈی میڈ، عابد بھائی انڈے والے، ہاشم انصاری، مجید پھلکے والے، نہال فائبر و دیگر اراکین موجود تھے۔