مالیگاؤں: ذکرِ رسول ﷺ کی محفلیں منعقد کرنا اسلاف کا وطیرہ رہا ہے- اکابر بالخصوص امام احمد رضا کے نعتیہ کلام کتاب و سُنّت کی روشنی میں لکھے گئے ہیں- جنھیں پڑھنا سُننا باعثِ خیر و موجبِ سعادت ہے- اس طرح کا اظہارِ خیال مشہور نعت خواں جناب محمد صابر رضا (سورت) نے ٣٠ اپریل ٢٠٢٣ء اتوار کی شب سُنّی جامع مسجد قادریہ میں دورانِ نعت خوانی کیا- ازیں قبل امام احمد رضا کے مشہورِ زمانہ کلام "لم یاتِ نظیرک فی نظرٍ مثل تو نہ شد پیدا جانا" کی تفہیم کے سلسلے میں مفتی محمد نعیم رضا مصباحی برکاتی نے فنِ نعت/ادبی جہات اور کلام کی بلاغت
و جامعیت پر کئی نکات پیش کیے- فرمایا کہ یہ کلام اردو نعت گوئی کا سنگھار اور اظہارِ عشقِ رسولﷺ کا شاہکار نغمہ ہے-اعلیٰ حضرت نے مسلکِ سلفِ صالحین کی نمائندگی کی اور عقائدِ اسلامی کو استدلال کی زبان عطا کی- مولانا نورالحسن مصباحی نے کلامِ رضا" رُخ دن ہے یا مِہرِ سما یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں" کی تشریح میں کتاب و سُنّت سے متعدد دلائل بیان کیے- تعظیم و تکریمِ مصطفیٰﷺ کے کئی گوشے ذکر کیے- جب کہ مذکورہ کلام کو سنجیدہ، دل آویز اور سُریلی آواز میں جناب محمد صابر رضا نے پیش کیا- غلام مصطفیٰ رضوی نے دورانِ نظامت بتایا کہ اردو زبان کا سب سے مشہور قصیدۂ سلامیہ "مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام" ہے، جو اعلیٰ حضرت کا مشہور و مقبولِ بارگاہِ رسالت کلام ہے- نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ شبِ نعت کا آغاز حافظ مقصود
اشرف کی تلاوت سے ہوا- ابتدائی نعت خوانی جناب محمد ہاشم رضا اور حسان رضا نے کی- جب کہ کیف و سرور اور رنگ و نور کے ماحول میں محمد صابر رضا کی نعت خوانی نے ایمان کو تازہ اور فکر کو مزکّیٰ کر دیا- نعتیہ نغموں کے بعد مناقبِ اولیا کا سلسلہ شروع ہوا- انتخاب و پیشکش، سنجیدگی و متانت نے محفل کے روحانی سُرور کو درجۂ قبولیت پر فائز کیا- یومِ رضا (١٠ شوال) کی نسبت سے محفل کے اختتام پر نوری مشن کی اشاعت "امام احمد رضا تحقیق کے آئینے میں" تقسیم کی گئی- سلام و شجرۂ قادریہ رضویہ اور دعا پر بزمِ نور منزلِ نور پر مکمل ہوئی- محفل سجانے میں فرید رضوی، نعیم رضوی، یاسین رضوی، شہزاد برکاتی، آصف رضوی، شاداب رضوی، شعیب رضا، نوید
رضوی، عرفان رضوی، شاہد رضوی، اویس رضوی، سعد رضوی نے حصہ لیا- مہمانانِ کرام میں ائمہ کرام، اہلِ علم و ادب، سنی تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے- شرکا سے پوری مسجد پُر تھی- جب کہ نوری مشن نیز ٹرسٹیان مسجد قادریہ نے مہمانوں کا استقبال کیا-
***
٢ مئی ٢٠٢٣ء