مالیگاؤں: آثار و علاماتِ قیامت سے متعلق احادیث مبارکہ کی توضیح و تشریح کے ضمن میں ’’آثارِقیامت‘‘ حضور تاج الشریعہ علامہ مفتی محمد اختر رضا خان قادری ازہری کی اہم تصنیف ہے۔ جس میں حوالہ جات کی تخریج و تحشیہ کا کام مفتی محمد عبدالرحیم نشترؔ فاروقی (نائب ناظم اعلیٰ: جامعۃ الرضابریلی شریف) نے انجام دیا۔ 80؍ صفحات پر مشتمل اس اہم کتاب کا یہ چوتھا ایڈیشن ہے، جو نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر سے شائع ہوا۔ ازیں قبل بریلی شریف، کراچی وغیرہ سے تین ایڈیشن چھپ چکے ہیں۔ جب کہ انگلش ایڈیشن امام مصطفیٰ رضا ریسرچ سینٹر ڈربن سے مولانا آفتاب قاسم رضوی نے شائع کیا۔
’’آثارِ قیامت‘‘ کنزالعمال کی ایک حدیث کی تشریح و توضیح پر مشتمل ہے، جس میں 72؍نشانیاں مذکور ہیں۔ مفتی محمد عبدالرحیم نشترؔفاروقی لکھتے ہیں: "حضورتاج الشریعہ نے جن علامات وآثار کی تشریح و توضیح کی ہے انھیں خاص طور پر ان کی مؤید احادیثِ کریمہ ہی سے واضح فرمایا ہے، اس طرح یہ کتاب ’’آثارِ قیامت‘‘ پر مشتمل حدیثوں کا ایک مبسوط اور نادر و دل آویز گلدستہ بن گئی ہے، نیز اس کتاب میں آپ نے ’’آثارِ قیامت‘‘ سے متعلق بیشتر ان گوشوں کو آشکار فرمایا ہے جو اب تک عام لوگوں کی نظروں سے اوجھل تھے۔‘‘
استدلال اور علمی مباحث سے کتاب کی معنویت میں اضافہ ہوتا ہے۔ دورانِ مطالعہ کتاب کی جامعیت سے نثر رضا کی خوشبو کا احساس ہوتا ہے۔ حضور تاج الشریعہ اپنی تحقیق و تدقیق میں اعلیٰ حضرت کے جانشین ہیں۔
کتاب ایسی ہے کہ مطالعہ کی میز پر سجائی جائے۔ اس سے جہاں علم و عمل کی شاہراہ روشن ہوگی وہیں درستیِ عقیدہ و اصلاحِ احوال کے ابواب بھی کھلیں گے۔ آخرت کی تیاری کا جذبہ مہیا ہوگا- رسول اللہ ﷺ سے محبت و اُلفت کی پاکیزہ فضا ہموار ہوگی۔ نوری مشن سے یہ کتاب بِلاقیمت مہیا کی گئی ہے۔ مشن کی یہ 141؍ویں اشاعت ہے جسے مدینہ کتاب گھر مدینہ مسجد مالیگاؤں سے دَستی طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے، جب کہ پی ڈی ایف فائل کے لیے ان نمبرات پر واٹس ایپ رابطہ کریں:غلام مصطفیٰ رضوی 9325028586، فرید رضوی 9273574090، معین پٹھان رضوی 7588815888
٭ ٭ ٭