ملکارجن کھڑگے نے ٹوئٹ کرکے متعدد سوال پوچھے۔ انہوں نے پوچھا کہ آیا مودی حکومت یہ نہیں مانتی کہ پی ایس یوز ملک کی معیشت کا اہم حصہ ہے؟ مودی حکومت نے 7 پی ایس یوز سے وابستہ 3.84 لاکھ نوکریاں کیوں ختم کر دیں؟ مرکزی حکومت میں خواتین کی ملازمتوں میں 42 فیصد کی کمی کیوں واقع ہوئی۔
کانگریس صدر نے مزید سوال کیے ’’ٹھیکے پر سرکاری نوکریوں میں 88 فیصد کا اضافہ کیوں کیا گیا ہے اور آیا میک ان انڈیا کا ہائی وولٹیج پرچار اپنی شبیہ کو چمکانے کے لیے تھا، اس سے ملک کو کیا حاصل ہوا؟‘‘
قبل ازیں، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کو اس معاملے پر مودی حکومت پر حملہ کیا تھا۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’کانگریس حکومتوں نے ملک میں روزگار فراہم کرنے کے لیے پبلک سیکٹر کی عمدہ کمپنیاں قائم کی تھیں لیکن مودی جی کے دور حکومت میں ان کمپنیوں کی حالت دیکھیں، 7 پی ایس یوز میں 3.84 لاکھ نوکریاں ختم ہوگئیں۔‘‘