بھیونڈی : دسویں اور بارھویں کے نتائج آنے کے بعد سب سے اہم مرحلہ داخلوں سے قبل طلبہ کی مناسب رہنمائی ہے۔ اسی مقصد کے پیشِ نظر شہر بھیونڈی میں سماج وادی پارٹی بھیونڈی (مشرق) کے ہر دلعزیز ایم ایل اے محترم رئیس قاسم شیخ نے شہر کے اساتذہ، تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، سماجی کارکنان اور اپنے ساتھیوں کے تعاون سے ایک میگا ایجوکیشنل کاؤنسلنگ سیمینار کا انعقاد بروز جمعہ 23 جون 2023ء شام 5 تا 8 بجے فرحان خان ہال، ملت نگر ، بھیونڈی میں کیا۔ افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے رئیس شیخ نے کہا کہ ”بھیونڈی میں بہت ٹیلنٹ ہے، لیکن تعلیمی سہولتوں کی کمی اور طلبہ کی صحیح رہنمائی نہ ہونے کی بناء پر انھیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دشواریاں پیش آرہی ہیں اس لیے ہم نے طلبہ کی تعلیمی رہنمائی کے لیے ہر ہفتہ اتوار کے دن شہر کے معروف کاؤنسلرس کی نگرانی میں پرنسپل کاؤنسلنگ کا انعقاد کیا ہے اور آج اجتماعی کاؤنسلنگ کے لیے شہر کے تمام کارپوریشن کے اسکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکولوں کے دسویں اور بارھویں کے طلبہ کو مدعو کیا ہے“۔ سیمینار میں طلبہ سے خطاب کرنے کے لیے ممبئی سے کلینیکل سائیکولاجسٹ محترم معظم خان اور معروف کرئیر کاؤنسلر عامر انصاری (ہیڈ ماسٹر مدنی ہائی اسکول) بطور خصوصی مقرر شریک ہوئے۔ معظم خان نے نفسیاتی پہلوؤں کی روشنی میں طلبہ کو صحیح کرئیر کے انتخاب کی ترغیب دی جبکہ عامر انصاری نے اپنے طویل خطاب میں مختلف کرئیر اپروچ، نئے اور روایتی کورسیس، اسکالرشپ کے حصول اورتعلیمی اداروں کی ذمہ داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر رول ماڈل کے طور پرمحترمہ خضریٰ قمر شیخ (ماہر نفسیات)، محترمہ افراء عارف (بھیونڈی کی پہلی مسلم پائیلیٹ طالبہ) نے بھی طلبہ سے گفتگو کی۔ سمیر شیخ نے اپنے پاور پوائنٹ کی مدد سے طلبہ کو کرئیر کے انتخاب میں ہونے والی غلطیوں سے بچنے کی ترغیب دی۔ چھ سو سے بھی زائد طلبہ و طالبات نے اس سیمینار میں شرکت کرکے اس سیمینار کو تاریخی اہمیت کا حامل بنایا جو اب تک کا بھیونڈی شہر کا پہلا عوامی تعلیمی سیمینار تھا۔ طلبہ و طالبات کے کرئیر اور تعلیم سے متعلق پوچھے گئے سوالات کا ماہرین نے تشفی بخش جواب دیا۔ محترم سیماب انور مومن اور محترمہ صوفیہ مومن نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے، ڈاکٹر روش انصاری (ایجوکیشنل کنسلٹنٹ اینڈ وزیٹنگ فیکلٹی ممبرسینہ گڑھ کالج آف منیجمنٹ، پونے)نے ابتداءمیں مہمانان کا تعارف پیش کیا اور فہیم احمد مومن نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا۔ اپنے اختتامی خطاب میں رئیس شیخ صاحب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ شہر میں تعلیم کو عام کرنے اور طلبہ کو تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور تعلیمی سال کے دوران ایک میگا ایونٹ "ایجوکیشن فیسٹ" کا انعقاد بھی کریں گے۔ مذکورہ پروگرام میں شہر کے کاؤنسلر اور اس سیمینار کے ڈیزائننگ کے مراحل میں شامل اساتذہ کو شال اور میمینٹو بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اساتذہ، سماج وادی پارٹی بھیونڈی شہر ٹیم اور یونیق گروپ کے ممبران نے اپنا بھرپور تعاون دیا۔