دسویں جماعت کا رزلٹ آنے کے بعد والدین بچّوں پر دھیان دیں
جون 01, 2023
جن والدین کے بچّوں کا دسویں جماعت کا رزلٹ آنے والا ہے اُن سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچّوں کی نفسیات پر توجّہ دیں۔آپ کے بچّے کا رزلٹ اگر بہتر آیا ہے تب تو خطرہ کی کوئی بات نہیں لیکن اگر بچّوں کا پرسنٹ کم آیا ہے تو اُن پر بہت دھیان دینے کی ضرورت ہے۔جن بچّوں کا رزلٹ بہتر آیا ہو ان کی حوصلہ افزائی تو گھر کے ہر فرد کی طرف سے ہوتی ہے لیکن وہ بچّے جن کا پرسنٹ کم آیا ہو اُن کو آپ کی طرف سے حوصلہ افزائی کی بہت اشد ضرورت ہوتی ہے۔گزشتہ امتحان میں ان سے کیا خامیاں ہوئیں اُن خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ آگے کے لیے اُن کی تعلیم کی راہ کو سنجیدہ انداز میں ہموار کرنے کے لیے مثبت گفتگو کرکے اُن کے قلبی بے چینی اور تعلیمی ناکامی کے خوف کو دور کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔کیوں کہ پہلی جماعت سے اُن کے دل میں مارکس اور پرسنٹ کے خوف کا جو بیج ہم نے انجانے میں بو دیا ہے اب ہائی اسکول میں پہنچنے تک اُس خوف کا پودا اُن کے دل میں جڑ پکڑ چکا ہے اِس لیے اب آپ انہیں کم مارکس آنے پر کچھ نہ بھی کہیں تب بھی اُن کے دل میں آپ کی ڈانٹ اور مار کا ڈر جگہ بنا چکا ہے اِسی لیے بہت سے بچّے مارکس کم آنے پر والدین کے ڈانٹے یا مارے بغیر بھی مایوسی کا شکار ہوکر غلط راہ پر نکل جاتے ہیں۔اِس لیے رزلٹ آنے کے بعد والدین اپنے بچّوں پر پوری توجّہ دے کر اُن کی ذہن سازی کریں تاکہ قوم کا کوئی بھی بچّہ کسی حادثاتی وجہ سے ضائع نہ ہو۔قوم کے تمام طلبا کے لیے دعائیں ہیں اللہ پاک قوم کے ہر بچّے کو پھر سے سلطنت علم کا بے مثال و بے نظیر سلطان بنادے تاکہ یہ قوم پھر سے اپنے وقار کو بحال کرسکے۔