املنیر ۔۔۔۔ دس جون مہاراشٹر کے احمد نگر اور کولہاپور کے بعد اب جلگاؤں ضلع کے املنیر قصبے میں مذہبی تشدد کی خبریں ہیں۔ املنیر قصبے میں جمعہ کی رات دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس کا اطلاق شہر میں ہفتہ کی صبح گیارہ بجے سے اتوار کی صبح گیارہ بجے تک ہوگا۔ اتوار کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مزید فیصلہ کیا جائے گا۔
سینئر پولیس حکام کے مطابق دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ کا واقعہ جمعہ کی رات املنیر قصبہ کے دگڈی گیٹ علاقے میں پیش آیا۔ معمولی بات پر جھگڑا بعد میں لڑائی میں بدل گیا اور دونوں گروپوں کے درمیان پتھراؤ شروع ہوگیا۔ کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور تین پولیس اہلکاروں سمیت کچھ شہری زخمی بھی ہوئے۔ جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
جمعہ کی رات دس بجے املنیر شہر کے جنجرگلی ، جونا پاردھی واڈا اور صراف بازار علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان زبردست پتھراؤ ہوا ۔ یہ علاقہ تجارتی علاقہ ہونے کی وجہ سے واقعہ کے بعد سے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پرتشدد تصادم کی اطلاع ملتے ہی سب ڈویژنل پولیس آفیسر سنیل نندوالکر ، اے پی آئی راکیش سنگھ پردیشی کی رہنمائی میں پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے معاملہ کو ختم کرایا۔ پولیس نے پتھراؤ کرنے والے بتتیس نوجوانوں کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے ۔