جبل پور کے شہید اسمارک میں منعقد جلسہ عام میں پرینکا گاندھی نے ریاست کی شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی حکومت پر جم کر حملہ کیا اور موجودہ دور کی سیاست کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں 18 سال سے بی جے پی کی حکومت ہے اور اس نے صرف وعدے اور اعلانات کرنے کا ہی کام کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں صرف 21 لوگوں کو ہی یہ حکومت ملازمت دے سکی ہے۔
اس دوران پرینکا گاندھی نے رواں سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخاب سے متعلق عوام سے پانچ وعدے کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں ہر خاتون کو 1500 روپے ماہانہ دیئے جائیں گے، گیس سلنڈر ایک ہزار روپے میں نہیں بلکہ 500 روپے میں ملے گا، 100 یونٹ بجلی مفت ہوگی جبکہ 200 یونٹ بجلی کی نصف رقم ادا کرنی ہوگی، سرکاری ملازمتوں کے لیے پرانی پنشن اسکیم کو نافذ کیا جائے گا اور کسانوں کی قرض معافی کو جاری رکھا جائے گا۔