امبیڈکر نگر : اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو دعوی کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کے لوگ ہندوستان کا حصہ بننے کا مطالبہ کررہے ہیں اور کوئی بھی غریب پاکستان میں رہنا نہیں چاہتا ہے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کیا کوئی نو سال پہلے سوچ سکتا تھا کہ آرٹیکل 370 ختم ہوجائے گا، کوئی ایسا نہیں سوچتا تھا ۔۔۔ آپ نے دیکھا کہ پانچ اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اب ہندوستان کے قانون کے تحت چل رہا ہے اور ترقی اور امن کی نئی عبارت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔ ایک بیان کے مطابق کے مطابق وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ منگل کو مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومڑ کے ساتھ امبیڈکر نگر پہنچے ۔ اس دوران انہوں نے 1212 کروڑ روپے کی 2339 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ۔
اس موقع پر منعقدہ عوامی ریلے سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آج کشمیر میں کوئی تشدد نہیں ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر سے ہندوستان کا حصہ بننے کا مطالبہ ہورہا ہے ۔ کوئی بھی غریب پاکستان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتا ہے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ سال 1952 میں شیاما پرساد مکھرجی نے کہا تھا کہ دو وزیراعظم دو نشان اور دو قانون یہاں نہیں رہے گا اور اس کیلئے انہوں نے اپنی قربانی دی۔