***
مدینہ مسجد میں نوری مشن کے زیر اہتمام عرسِ تاج الشریعہ کا انعقاد
جون 01, 2023
مالیگاؤں ٢٦ مئی: حضور تاج الشریعہ مفتی محمد اختر رضا خان قادری ازہری علیہ الرحمۃ تفسیر و حدیث میں مہارت رکھتے تھے- فقہی بصیرت و تدبر کے زیور سے مرصع تھے- سچے عاشق رسول اور محافظِ ناموسِ رسالت تھے- قاضی القضاۃ فی الہند تھے- نازک حالات میں بھی آپ کے فتاویٰ بروقت رہنما ہوتے- اللّہ تعالیٰ نے وہ تقویٰ عطا کیا کہ آپ کی زیارت کرنے والے دلوں کی دُنیا میں انقلاب محسوس کرتے- بکثرت مشرک و عیسائی آپ کے بدست قبولِ اسلام کی منزل پر فائز ہوئے- اتباعِ سنت و شریعت اور استقامت فی الدین ایسے اوصاف تھے جن کے معترف بیگانے بھی ہیں- حضور تاج الشریعہ نے اپنی تحقیقاتِ علمیہ میں اہلِ سنّت مسلکِ سلفِ صالحین کی ترجمانی کی- آج آپ کے عرس کی تقریبات ساری دنیا میں منعقد کی جا رہی ہیں- ان خیالات کا اظہار غلام مصطفیٰ رضوی نے مدینہ مسجد میں قبل نمازِ جمعہ کیا- متعدد تصانیفِ حضور تاج الشریعہ کی روشنی میں تحقیقی بصیرت اور مسلکِ سلفِ صالحین پر بے پناہ استقامت کا تذکرہ کیا- نمازِ جمعہ کے بعد قرآن خوانی کا اہتمام نوری مشن و ٹرسٹیان مدینہ مسجد نے کیا- اس موقع پر بعد از سلام شجرۂ قادریہ رضویہ حاجی امین رضوی نے پڑھا- قُل شریف حافظ خالد رضا نے پڑھا- اور دُعا حافظ محمد اطہر نے کی- رپورٹ فرید رضوی نوری مشن مالیگاؤں نے ارسال کی-
Tags