تحریر احرار نیوز نیٹ ورک جنتا کوآپریٹو بینک لمیٹڈ مالیگاؤں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب بینک کی ہیڈ آفس قدوائی روڈ پر 27، جون بروز منگل کی صبح 11، بجے عمل میں آیا انصاری محمد لقمان محمد عثمان پہلوان چیئرمین اور ماسٹر عارف تڑوی وائس چیئرمین کے بطور بلا مقابلہ منتخب کر لئے گئے یہ انتخاب بظاہر بلامقابلہ یا اتفاق رائے سے ہوا ہے لیکن پردے کی پیچھے کی کہانی کچھ اور ہی تصویر پیش کرتی ہے
اس ضمن میں برسراقتدار تعمیری محاذ کے مختلف گوشوں سے ملی جانکاری کے مطابق جنتا کوآپریٹو بینک کے گولڈن جوبلی سال میں قدم رکھنے کیساتھ ہی 23، جنوری 2023 کو بینک میں آڈٹ انسپیکشن کے دوران ریزرو بینک آف انڈیا کے ایک آفیسر چرنجیو پلّؤ نے نوٹوں کی سمری میں فرق کو محسوس کرتے ہوئے 28،لاکھ 80، ہزار روپیوں کی ہیرا پھیری، افراتفری یا غبن اور چوری کا انکشاف کیا آر بی آئی آفیسر کے کہنے کے باوجود بھی کئی دنوں تک پولیس اسٹیشن میں فریاد درج کرنے ٹال مٹول کا رویہ اپنایا گیا اس دوران انڈسٹریل سوسائٹی الیکشن کی تشہیر کے درمیان تعمیری محاذ کے ذمہ داران کو ہزیمت اٹھانا پڑی اور سوسائٹی الیکشن کے بعد انہوں نے ایماندار چیئرمین سے استعفیٰ طلب کرلیا یہ الگ بات ہیکہ اس استعفیٰ کو منظور کرنے کیلئے بھی کچھ کھیل کھیلا گیااور تعمیری محاذ کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا
جنتابینک کے حالیہ چئیرمین چناؤ سے پہلے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے دعویداروں میں رسہ کشہ کی گونج سنائی دی ایک مذہبی تنظیم سے منسلک عوامی لیڈر نے اپنے ایک فدائی کو چیئرمین بنانے کیلئے بساط بچھائی دوتین روز تک اس نام کی گونج تعمیری محاذ کے حلقوں میں سنائی دیتی رہی لیکن اتنی ہی تیزی سے اس نام کی مخالفت بھی ہوئی کیونکہ جو نام سامنے آرہا تھا وہ شہر کی ایک فعال مذہبی تنظیم کے ایک مالیاتی ادارہ میں مضاربت کے نام پر کروڑوں کی خرد برد میں دور نذدیک سے ملوث رہنے کے علاوہ خود جنتا بینک سے اپنی پہلی میعاد میں استعفیٰ دےچکا ہے سوال یہ ہیکہ جب مذہبی تنظیم سے وابستہ رہتے ہوئے بینک کے سودی کاروبار کو بنیاد بناکر استعفیٰ دینا اور پھر اسی بینک کے انتخاب میں حصہ لیکر ڈائریکٹر بننا تھوک کر چاٹنا نہیں تو اور کیا ہے؟ دراصل مذہبی تنظیم سے منسلک عوامی لیڈر کوآپریٹو سیکٹر میں اپنے قدم جمانے کیلئے سرگرداں ہے اسی مقصد کے تحت تعمیری محاذ کو آلہ کار بناکر اپنے گرگے پھیلانا چاہتا ہے اسلئے کمال ہوشیاری سے بساط بچھائی گئی اگر عین وقت پر تعمیری محاذ کی جانب سے فیصلہ تبدیل نہیں کیا جاتا تو ممکن تھا کہ اسپننگ مل کی تاریخ یہاں بھی دہرائی جاتی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوسکا
واضح رہے کہ مدیر احرار نے بھی 26، جون کی دوپہر میں تعمیری محاذ کے چیئرمین سے رابطہ قائم کرکے کہا کہ حالیہ چیئرمین چناؤ کیلئے بھگوڑا اور تھوک کر چاٹنے والا امیدوار بالکل نہیں چلے گا اتنا سنتے ہی موصوف نے رابطہ منقطع کردیا لیکن اس گفتگو کا خاطر خواہ اثر دیکھنے میں آیا - ہوا یوں کہ 27، جون کو جس وقت مقامی محکمہ امداد باہمی (DDR) سے الیکشن آفیسر تشریف لائے انہوں نے چیئرمین چناؤ کیلئے ایجنڈے کے مطابق حاضر بورڈ آف ڈائریکٹر سے مخاطب ہوکر چیئرمین اور وائس چیئرمین شپ کیلئے امیدواری فارم کی تفصیل بتلائی موجود بورڈ آف ڈائریکٹر میں سے ایک ڈائریکٹر نے امیدواری فارم کی مزید کاپی طلب کی جنتا بینک اور تعمیری محاذ کی روایت کے مطابق امیدواری فارم بھرے جانے سے عین قبل میٹنگ ہال میں منعقد تعمیری محاذ کی جانب سے چیئرمین وائس چیئرمین کے ناموں کی چٹھی دی جاتی ہے جس وقت جنتا بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے مزید امیدواری فارم کا تذکرہ کیا تعمیری محاذ کی جانب سے اسپننگ مل چیئرمین چناؤ کی تصویر واضح ہوتے دکھائی دینے لگی اس لئے اشارہ سمجھتے ہی چٹھی دینے کی بجائے اعلانیہ طور پر چیئرمین کیلئے انصاری لقمان پہلوان اور وائس چیئرمین کیلئے ماسٹر عارف تڑوی کا نام دے دیا گیا سرکردہ مذہبی تنظیم کے عوامی لیڈر کے دباؤ میں متوقع امیدوار کا نام تعمیری محاذ کی جانب سے نہ آنے پر اظہار اطمینان کیا گیا اور اس طرح یہ چناؤ اتفاق رائے اور بلامقابلہ عمل میں آیا
پھر بھی سوال کیا جارہا ہے کہ جاری گولڈن جوبلی سال میں جنتا بینک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ اور لاکھوں روپیوں کا غبن نو منتخب چیئرمین و وائس چیئرمین کیلئے کسی چیلینج سے کم نہیں خاطیوں کو سزا دلانا اور شیئرہولڈرس کیساتھ انصاف ان کی پہلی ترجیح ہونا چاہیئے علاوہ ازیں مستعفی چیئرمین نے اپنی انا کی خاطر جنتا بینک کے جن ملازمین کو زبردستی برطرف کیا اور مقامی کورٹ سے لیکر ممبئی ہائی کورٹ تک لکھوکھا روپیوں کی بربادی کو دیکھتے ہوئے اس پر بھی قدغن لگانا ضروری ہے واضح رہے کہ 28، لاکھ 80، ہزار غبن معاملہ میں خاطیوں کی گرفتاری میں عدم دلچسپی اور پولیس کی سست رفتار کارروائی پر بھی عوامی نظریں لگی ہوئی ہیں مدیر احرار نے سابق چیئرمین کے استعفیٰ کو 'خس کم جہاں پاک' سے تعبیر کرتے ہوئے نو منتخب چیئرمین وائس چیئرمین کو مبارکباد پیش کی ہے