کانگریس کی قیادت میں منی پور میں دس اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیر اعظم مودی پر تشدد سے متاثرہ منی پور کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کانگریس نے سوال کیا کہ پی ایم مودی نے بار بار کی درخواست کے باوجود منی پور کے لیڈروں کو ملنے کا وقت کیوں نہیں دیا اور ان کی طرف سے منی پور کو کیوں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ منی پور کی دس اپوزیشن جماعتوں نے بھی منی پور میں تشدد کے حوالے سے وزیر اعظم کو ایک میمورنڈم بھیجا ہے۔
کانگریس رہنما ڈاکٹر اجے کمار نے منگل کو نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ منی پور تشدد کو لے کر 15 سال تک منی پور کے وزیر اعلیٰ رہے ایبوبی سنگھ سمیت دس پارٹیوں کے رہنماؤں نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی درخواست کی۔ لیکن انہیں وقت نہیں دیا گیا۔ 10 جون کو ای میل کے ذریعے خط بھیج کر اور پھر 12 جون کو وزیراعظم آفس کو خط دے کر ملاقات کا وقت بھی مانگا گیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم مودی امریکہ چلے گئے۔ منی پور تشدد کو لے کر بی جے پی لیڈر خود وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرنے سے قاصر ہیں۔ جب کہ فحش مکالمے لکھے والے منوج منتشر شکلا سے وزیر اعظم مودی نے بغیر طے وقت کے 45 منٹ تک ملاقات کی۔