مالیگاؤں: یکم جولائی 2021ء کو نوری مشن نے ’’تاج الشریعہ کلینک‘‘ کا آغاز گولڈن نگر پاور ہاؤس کے پاس امدادی طرز پر کیا۔پہلے ہی سال تقریباً دس ہزار مریضوں نے استفادہ کیا۔ یکم جولائی2022ء سے یکم جولائی 2023ء تاج الشریعہ کلینک کا دوسرا سال اسی ماہ مکمل ہوا۔اِس ایک سال میں الحمدللہ! 12904 ؍مریضوں نے استفادہ کیا اور شفاخانہ کا امدادی فیضان عام ہوا۔ فرید رضوی نے کہا کہ مرشد گرامی حضور تاج الشریعہ مفتی اختر رضا خان قادری ازہری رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے امدادی شفا خانہ قائم کیا گیا جس کا افتتاح دو سال قبل حضرت سید عبدالقادر جیلانی میاں نے فرمایا، یہاں سے عمدہ نتائج رونما ہو رہے ہیں۔ معین پٹھان رضوی نے کہا کہ ہم نے متعدد میڈیکل کیمپ کا انعقاد کامیابی کے ساتھ کیا۔ طبی شعبے میں نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کی خدمات کا دائرہ مستقبل میں بھی وسیع رہے گا۔ غلام مصطفیٰ رضوی نے کہا کہ خدمت خلق بڑی نعمت ہے اور اس باب میں کوشش کامیابی کی منزل تک لے جاتی ہے۔ اِس شفا خانہ پر نہایت انہماک کے ساتھ ڈاکٹر زاہد احمد خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلینﷺ۔ واضح ہو کہ نور نگر اور گلشن ابراہیم میں مزید دو شفا خانے ’’تاج الشریعہ امدادی کلینک‘‘ کے نام سے مستقل جاری ہیں، اس سلسلے میں نوری مشن کے اراکین مخلصانہ طور پر سرگرم عمل ہیں۔ اِس طرح کی رپورٹ نوری مشن نے ارسال کی۔
***