آئینہ معلومات خلفائے راشدین
جولائی 04, 2023
دنیائے انسانیت نے کئی انقلابات دیکھے۔ کئی حکمرانوں‘ بادشاہوں اور فرماں رواؤں کی حشر سامانیوں کا مشاہدہ کیا۔ لیکن دنیا کے عالم پر خالق کائنات نےجس نئی رحمت کو مبعوث فرما کر ایک عالمی انقلاب کی داغ بیل ڈال دی وہ حضرت محمدﷺ کی ذات اقدس تھی جس کی امامت اور سیادت میں غلامی کی انبیائے کرام حسرت کرتے رہے۔ تکوین عالم کا یہ وہ دور تھا جب انسانی ظلم وبربریت چہار وانگ عالم میں کئی روپ لے کر اپنے سائے مکمل طور پر پھیلا چکا تھا۔ نبی رحمت اپنا پیغام اور سیرت جب اپنے صحابہ کرامؓ کے دلوں میں راسخ کر چکے تو اپنے ملاء اعلی سے جا ملے اور انسانیت کو ایک جذبے اور ایمان کی حلاوت کے ساتھ نئے امتحان میں ڈال دیا۔ ایسے عالم میں نبی آخر الزماں کے جن صحابہ کرامؓ نے چیلنج قبول کیا یہ کتاب انہی کا تذکرہ ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں ان مبارک ہستیوں کی سیرت وکردار‘ کارنامے اور واقعات کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب انتہائی مختصر اور ابتدائی کوشش ہے جس میں کوئز کے ذریعے سے علم کو پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کتاب میں خلفائے راشدین کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ان کا مکمل تعارف اور حالات واقعات کو تحقیق کے ساتھ پیش کیا گیا ہے ۔ یہ کتاب’’ آئینہ معلومات خلفائے راشدینؓ ‘‘ نصرت علی ایثر کی مرتب کردہ ہے۔آپ تصنیف وتالیف کا عمدہ شوق رکھتے ہیں‘ اس کتاب کے علاوہ آپ کی اور کتب بھی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مؤلفہ وجملہ معاونین ومساعدین کو اجر جزیل سے نوازے اور اس کتاب کو ان کی میزان میں حسنات کا ذخیرہ بنا دے اور اس کا نفع عام فرما دے۔(آمین)( ح۔م۔ا )
Tags