ممبئی: مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان شیوسینا نے ایک بار پھر اپنے ترجمان سامنا کے ذریعے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ اخبار کے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی نے جو کچھ کیا اس کی وجہ سے پورا ملک اس پر تھوک رہا ہے۔ اب صرف میہل چوکسی، نیرو مودی، وجے مالیا کو اپنی پارٹی میں شامل کر کے انہیں عہدے دئیے جانے باقی ہیں۔ ان تینوں میں سے ایک کو پارٹی کا قومی خزانچی، دوسرے کو نیتی آیوگ اور تیسرے کو ملک کے ریزرو بینک کا گورنر مقرر کیا جانا چاہیے۔ کیونکہ کرپشن، لوٹ مار، بد اخلاقی اب ان کے لیے کوئی ایشو نہیں رہا۔
سامنا میں لکھا گیا ہے کہ دیویندر فڑنویس بار بار کہہ رہے تھے کہ اجیت پوار کو آبپاشی گھوٹالہ کی وجہ سے جیل جانا پڑے گا لیکن وہی اجیت پوار نے فڑنویس کی موجودگی میں نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا اور یہی 'چکی پیسنگ' فڑنویس کے 'ساگر' بنگلے میں بیٹھ کر اپنے دھڑے کو قلمدان تقسیم کر رہے تھے، یہ حیران کن ہے۔