نئی دہلی : کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ اومن چانڈی کا آج صبح انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ گزشتہ چند ماہ سے ان کا بنگلورو میں علاج چل رہا تھا۔ اومن چانڈی کے انتقال کی خبر ان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ دی۔ اومن چانڈی نے 2004-2006، 2011-2016 کے دوران کیرالہ کے وزیر اعلی کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔
وہیں اومن چانڈی کے انتقال پر کیرالہ کانگریس کے صدر کے سدھاکرن نے ٹویٹ کرکے غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کیرالہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اومن چانڈی کا انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے لکھا: 'محبت کی طاقت سے دنیا پر فتح پانے والے بادشاہ کی کہانی کا اختتام ہوا۔ آج مجھے ایک عظیم انسان کے انتقال سے بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے لاتعداد افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا اور ان کی میراث ہمیشہ ہماری روحوں میں گونجتی رہے گی۔
وہیں کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے سابق وزیر اعلی اومن چانڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا: 'ہم ایک ہی سال میں قانون ساز اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ اس مرحلے میں ہم طالب علمی کی زندگی کے ذریعے سیاسی محاذ پر آئے تھے۔ ہم نے ایک ہی وقت میں عوامی زندگی گزاری اور انہیں الوداع کہنا بہت مشکل ہے۔ کیرالہ کے وزیراعلی پنارائی وجین نے کہا: 'اومن چانڈی ایک قابل منتظم اور لوگوں کی زندگیوں سے قریب سے جڑے ہوئے شخص تھے۔'