گزشتہ دنوں مہاراشٹر کی سیاست میں جاری اتھل پتھل اور ہلچل کے اثرات نمایاں طور پر شہر مالیگاؤں میں نظر آرہے ہیں۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی سے علاحدگی اختیار کرکے راشٹروادی کانگریس پارٹی سے بہت سارے ایم ایل ایز کے ساتھ اجیت دادا پوار شندے سرکار میں شامل ہوئے ۔
شہر مالیگاؤں میں اجیت دادا پوار کی حمایت سب سے پہلے نظامی فاؤنڈیشن کے روح رواں حاجی شیخ اسرائیل عرف اسّو بھائی نے کی۔ حاجی شیخ اسرائیل نے شہر کے کئی علاقوں میں اجیت دادا پوار کی حمایت میں مبارکبادی کے بینر پوسٹر لگائے ۔ جس کی وجہ سے شہری سیاست کا پارہ بڑھتا دکھائی دیا۔ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی ( اجیت پوار گٹ) کی شہری صدارت حاجی شیخ اسرائیل کو ملنے کی قیاس آرائیاں بڑھنے لگی۔
آج حاجی شیخ اسرائیل کی قیادت میں ایک وفد نے اجیت دادا پوار سے ان کی رہائش گاہ دیوگری بنگلہ پر ملاقات کی۔ اور انہیں نائب وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی۔
آج کے اس وفد نے اجیت دادا پوار کو میمورنڈم دے کر شہر مالیگاؤں کے کئی اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
حاجی شیخ اسرائیل نے اجیت دادا پوار سے شہر مالیگاؤں کو ضلع بنانے کا مطالبہ کیا۔ حاجی شیخ اسرائیل نے اجیت دادا پوار کو بتایا کہ کس طرح شہر مالیگاؤں کو ضلع بنانے کا معاملہ زیر التواء رہا ہے۔ حاجی شیخ اسرائیل نے اجیت دادا پوار سے گذارش کی کہ آج آپ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہیں آپ شہر مالیگاؤں کو ضلع ڈکلیئر کرنے کے لئے خصوصی دلچسپی رکھیں۔
شہر مالیگاؤں سے گذرنے والی قومی شاہراہ پر ہونے والے حادثات کی تفصیل پیش کرتے ہوئے قومی شاہراہ پر ضرورت کے مطابق بریج اور انڈرگراؤنڈ راستوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے حاجی شیخ اسرائیل کی تمام باتوں کو بغور سننے کے بعد مثبت یقین دہانی کروائی ۔ اور کہا کہ ان مسائل کی پوری معلومات یکجا کرکے ان مسائل کی یکسوئی کیلئے جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے ۔