نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے لا کمیشن آف انڈیا کو خط لکھ کر متنبہ کیا ہے کہ یکسانیت لانے کے نام پر شہریوں کے بنیادی حقوق میں مداخلت نہیں کی جاسکتی اور یہ کہ یکساں سول کوڈ کے طرفداروں کے افکار و نظریات میں خود بھی تضادات ہیں اور وہ قبائل اور عیسائیوں کو اس سےمستثنیٰ رکھنے کی بات کررہے ہیں تو پھر وہ بحث جس کو ابھی چند ہی سال پہلے لاکمیشن نے طے کر دیا تھا کہ یہ نہ ضروری ہے اور نہ مطلوب اس کو دوبارہ زندہ کرنے کا کیا جواز ہے۔
مسلم تنظیموں کے وفاق نے اپنے تین صفحات کے تفصیلی اور مدلل مکتوب میں بعض لوگ جس گوا سول کوڈ کو نمونہ بتا رہے ہیں، وہ ایک تو عہد غلامی کی نشانیوں میں سے ایک ہے اور اس میں بھی سارے فرقوں کے لیے ایک قانون نہیں ہے، عیسائیوں اور ہندؤں کے لیے اس میں الگ الگ التزامات موجود ہیں۔ مشاورت نے اس مکتوب میں اس بحث کو اٹھانے کی منشا پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ موجودہ بحث کا وقت بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ سیاسی طبقے میں غیر ذمہ دار عناصر عام انتخابات کے موقع پر جذبات کو بھڑکانے اور ملک کے ماحول کو خراب کرنے کے لیے یکساں سول کوڈ کے خیال کو ہتھیار بنائیں گے۔ اشتعال انگیز بیانات یکساں سول کوڈ کے حوالے سے دیے جارہے ہیں تاکہ ذاتی مفادات کی تکمیل اور انتخابی فوائد حاصل کیے جاسکیں۔