آکولہ، 4 جولائی 2023،
انسانجو اپنے خیالات اور مقاصد کے حصول کے لیے جب انتھک محنت کرتا ہے تو وہ ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے۔
خوابوں کی پرواز کے لیے پروں کی نہیں بالکہ بلند سوچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان ہی خیالات کے ساتھ پروفیسر محسن پٹھان صاحب پچھلے کئی سالوں سے آکولہ شہر میں اقلیتی طلباء کے لیے بہت کم فیس میں مراٹھی زبان سکھانے کے لیے کوچنگ کلاسز چلا رہے ہیں جہاں سے اب تک ہزاروں طلبا و طالبات بہترین مراٹھی سیکھ کر نکل چکے ہیں -
اس سال بھی دسویں جماعت میں مراٹھی مضمون میں شاندار نمبر حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کے لیے ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر زبیر ندیم (صدر، فلائنگ کلرس فاؤنڈیشن و روٹی بینک) نے کی جبکہ ڈاکٹر مجاہد احمد (سیکرٹری، فلائنگ کلرس)، ڈاکٹر محمد صادق (ملت کلینک)، سید محسن علی (جوائنٹ سیکرٹری، فلائنگ کلرس)اور اعجاز سر (اڑان باکسنگ اکیڈمی) بطور مہمانان خصوصی موجود تھے۔
اس پروگرام میں دسویں جماعت میں مراٹھی زبان کے امتحان میں بہترین نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی مہمانان کے ہاتھوں مختلف انعامات دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔
اس موقع پر پروگرام کے صدر ڈاکٹر زبیر ندیم نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقے بالخصوص مسلم معاشرے میں مراٹھی زبان کو بہت مشکل سمجھا جاتا ہے - اس کی وجہ سے طلباء کو کافی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے - لیکن ریاست مہاراشٹر کے مسلم طلباء کو مراٹھی سیکھنا لازمی سمجھنا چاہیے کیونکہ سرکاری دفاتر میں تمام کام صرف مراٹھی زبان میں ہوتے ہیں اور مقابلہ جاتی امتحانات میں بھی مراٹھی کیخاص ضرورت ہوتی ہے۔
پروفیسر محسن پٹھان اس کمی کو دور کرنے کے مقصد سے پچھلے کئی سالوں سے اقلیتی طلباء کو مراٹھی پڑھا رہے ہیں اسی لئے گزشتہ 6 سالوں سے دسویں جماعت کا نتیجہ 100 فیصد رہا ہے، اس سال بھی 31 طلبہ نے 75 سے 93 نمبر حاصل کئے - ان میں سے تین طلباء نے 93 نمبر حاصل کیے جن میں انعام الرحمان، مہرس سویلہ اور شیخ صائم شیبان شامل ہیں۔
مذکورہ پروگرام میں موجود معززین نے طلباء کو تعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور تناؤ سے دور رہنے کے منتر بتائے اور مراٹھی زبان کی اہمیت کے بارے میں رہنمائی کی۔