دھولیہ:(پریس ریلیز ) 26/نومبر بروز اتوار کو ریلوے اسٹیشن سے متصل شہر کی عالیشان ہوٹل رتو راج کے خوبصورت ہال میں *الحاج ضمیر احمد ملّا سر فاؤنڈیشن* کی جانب سے ایک عظیم الشان پروقار تقریب بعنوان " اعتراف خدمات " کا انعقاد کیا گیا ۔جس کے صدر الحاج نہال احمد ضمیر احمد ملّا سر تھے۔
تقریب کا آغاز محمد معاذ حاجی انیس احمد نے قرآن مجید کی تلاوت سے کیا۔بارگاہ رسالت مآب صلی اللّہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت کا نذرانہ محترم ندیم ابن نعیم سر نے اپنی مسحور کن آواز میں پیش کیا۔پروگرام کے غرض و غایت الیاس سر نے پیش کئے۔
شہر مالیگاؤں کے اسکالر و فعال معلم محترم اعظمی یٰسین سر نے صاحبان استقبال کے اعزاز میں کلیدی خطاب میں غیر تدریسی ملازمین کی اسکولوں میں گرانقدر خدمات پر سیر حاصل خطاب کرتے ہوئے پیون حضرات کی خدمات کی خوب پذیرائی کی۔اس موقع پر موصوف نے پیون حضرات کو بیش قیمت مشورے بھی دئیے۔علاوہ ازیں اپنی جان پر کھیل کر ندی، تالابوں میں ڈوبنے والوں کی جان بچانے والے تیراکوں کی خدمات کی سراہانہ کی۔مذکورہ فاؤنڈیشن کے سکریٹری حاجی انیس احمد نے صاحبان اعزاز کو مفید مشورے دئیے اور اپنے ہم پیشہ ساتھیوں کو اپنی ذمہ داری کو بحسن خوبی انجام دینے کی گذارش کی۔
منعقدہ اس منفرد و مثالی تقریب میں اردو اسکولوں کے 20/ غیر تدریسی ملازمین (پیون ) کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مذکورہ تنظیم کی جانب سے شہر کے *ترقی پسند رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ صاحب* کے ہاتھوں " *نشان ضمیر ایوارڈ "* ایک دیدہ زیب ٹرافی، خوبصورت سند سے نوازا گیا۔علاوہ ازیں شہر کے 5/جیالے شناور (تیراک ) کو *" مسیحائے انسانیت ایوارڈ "* پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف و حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر رکن اسمبلی فاروق شاہ صاحب نے مذکورہ فاؤنڈیشن کے اس اقدام کی خوش ستائش کی۔صاحبان استقبال کے علاوہ اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے کم و بیش تیس غیر تدریسی ملازمین کی بھی گل و دستی دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔
مذکورہ فاؤنڈیشن کے عہدے داران عتیق احمد، انیس احمد، خالد عزیز نے مہمانان ، صدر مدرسین و صحافی حضرات کا گل ،دستی تحفہ پیش کرکے استقبال کیا۔
اس تقریب میں شیخ کوثر، امتیاز حسین، ابناء محمد شمعون حاجی صغیر احمد، حاجی شبیر احمد، حاجی بشیر احمد،ابناء محمد عثمان، حاجی محمد عفّان، حجّن صفیہ بی آصف اقبال، حجّن شیخ چاہت پروین کبیر الدین مہمانان خاص تشریف فرما تھے۔