چنڈی گڑھ: پنجاب کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (امن و امان) ارپت شکلا نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ ریاست میں کھیتوں میں پرالی جلانے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں میں پنجاب میں کھیتوں میں پرالی جلانے کے کل 1377 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے ثابت ہوتا کہ اس طرح کے معاملات میں گراوٹ آئی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد پنجاب کے ڈی جی پی گورو یادو نے پرالی جلانے کو روکنے کے لیے ارپت شکلا کو نوڈل افسر مقرر کیا تھا۔ شکلا نے کھیتوں میں پرالی جلانے کے واقعات میں کمی کو پولس اور سول انتظامیہ کے عہدیداروں کی طرف سے مسئلہ پر قابو پانے کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔
پولیس اور سول حکام سمیت کل 1072 فلائنگ اسکواڈ پرالی جلانے کے واقعات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 8 نومبر سے اس مسئلہ پر کسان لیڈروں کے ساتھ 2189 میٹنگیں کی جا چکی ہیں۔ شکلا نے کہا کہ پرالی جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔ 8 نومبر سے اب تک پولیس نے 932 ایف آئی آر درج کی ہیں، جب کہ 7405 مقدمات میں 1.67 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 340 افراد کی ریونیو ریکارڈ میں ریڈ انٹریز کی گئی ہیں۔