حقوق العباد میں سے سب سے مقدم حق والدین کا ہے ۔ اور یہ اتنا اہم حق ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حق ِعبادت کے بعد جس حق ذکر کیا ہے وہ والدین کا حق ہے ۔والدین کا حق یہ کہ ان کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے ان کا مکمل ادب واحترم کیا جائے ،نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ان کی اطاعت وفرنبرداری کی جائے اور ہمیشہ ان کے سامنے سرتسلیم خم کیا جائے ۔ قرآن وحدیث سے یہ بات بہت واضح ہو کر سامنے آتی ہے کہ والدین سے حسنِ سلوک سے رزق میں فراوانی اور عمر میں زیادتی ہوتی ہے ۔ جب کہ والدین کی نافرمانی کرنے والا او ران کے ساتھ حسن سلوک سے پیش نہ آنے والا اللہ کی رحمت سے دور ہوجاتا ہے اور بالآخر جہنم کا ایندھن بن جاتاہے ۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت واطاعت کے ساتھ ،والدین سے حسن سلوک نہ کرنے والے سے
اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے اور یہ ناراضگی اس کی دنیا اور آخرت دونوں برباد کردیتی ہے ۔ اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم والدین کے حقوق کا پورا پورا خیال رکھیں ۔اس معاملے میں قرآن وسنت سے ہمیں جو رہنمائی ملتی ہے اس کی روشنی میں اپنے رویوں کودرست اور کردار کی تعمیر کریں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ عظمت والدین اور خدمت والدین‘‘ امام المحدثین امام محمد بن اسماعیل بخاری کی کتاب’’ بر الر والدین ‘‘ کی تحقیق و تخریج اور ترجمہ وشرح ہے ۔اس کتا ب کا ترجمہ حافظ ابو سفیان نے کیا ہے اور محترمہ ام عبد منیب صاحبہ نے اس کی عمدہ اورجامع شرح کرنے کی
سعادت حاصل کی ہے ۔ کتاب میں متون و اسانید کی تصحیح اور احادیث وروایات کی تخریج وتحقیق، عربی عبارات پر اعراب سے کتاب کی اہمیت وافادیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو عوام الناس کے لیے نفع بخش بنائے ۔ اور ہمیں اپنے والدین کی عزت واحترم کرنے اور ان کے حقوق ادا کرنے والابنائے (آمین) (م۔ا)