مدھیہ پردیش میں جمعہ کے روز 230 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ اس درمیان کئی جگہ تشدد کے واقعات پیش آئے، لیکن لوگوں نے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ شام 5 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 71.16 فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ سب سے زیادہ آگر مالوہ میں 82 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ علی راج پور میں سب سے کم 56.24 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس طرح انتخابی میدان میں اترے سبھی 2534 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید ہو گئی۔ اب 3 دسمبر کو ووٹ شماری کے بعد پتہ چلے گا کہ عوام نے کس کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔
آج ووٹنگ سے قبل اور ووٹنگ کے دوران ریاست میں تشدد و تصادم کے کئی واقعات پیش آئے۔ ووٹنگ سے قبل جمعرات کی دیر شب چھترپور ضلع میں کانگریس لیڈر سلمان خان کے قتل معاملے میں کانگریس امیدوار وکرم سنگھ ناتیراجا کی شکایت پر بی جے پی امیدوار اروند پٹیریا سمیت ان کے ساتھیوں پر قتل اور قتل کی کوشش کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ راج نگر اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار پٹیریا کے ساتھیوں نے کانگریس امیدوار وکرم سنگھ اور ان کے حامیوں پر گاڑی چڑھا کر مارنے کی کوشش کی جس میں سلمان خان زخمی ہو گئے۔ انھیں سنگین حالت میں چھترپور اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ بی جے پی امیدوار پٹیریا اور ان کے ساتھیوں پر دفعہ 302، 307 سمیت مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔
بہرحال، آج ہوئی ووٹنگ کے بعد مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کی سیٹ پر یعنی دمنی اسمبلی حلقہ میں بھی تنازعہ ہوا۔ یہاں بڑاپورہ گاؤں کے مرد-خاتون ووٹرس نے دمنی تھانے کا گھیراؤ کر دیا۔ ان کا الزام تھا کہ سماج خاص طبقہ کے لوگوں سے بی جے پی کے حق میں زبردستی ووٹ ڈلوائے گئے۔ ساتھ ہی بی جے پی کے حق میں ووٹ نہیں کرنے پر ان کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور ووٹ نہ ڈالنے دینے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ واقعہ پولنگ بوتھ 191 کا ہے جہاں ووٹ نہیں کر پانے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں دیہی عوام تھانے پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن زندگی: اترکاشی ٹنل میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کی جنگ جاری، بس کچھ گھنٹے کا انتظار!
ووٹنگ کے دوران بھوپال کے بیراگڑھ میں گنیش ودیا مندر بوتھ نمبر 68 میں کانگریس کارکن نے کلکٹر سے فرضی ووٹنگ کی شکایت کی۔ ساتھ ہی کانگریس کارکنان نے افسران پر فرضی ووٹنگ کرانے کا الزام لگا کر بیراگڑھ بوتھ نمبر 68 میں ہنگامہ کیا۔ اس کے بعد کانگریس امیدوار نریش گیان چندانی موقع پر پہنچے۔ بھوپال کلکٹر آشیش سنگھ کو فون کر شکایت درج کرائی گئی۔ گوالیر میں بی جے پی امیدوار مایا سنگھ، کانگریس امیدوار ستیش سکروار کے بھائی نیٹو سکروار اور پیتامبر سنگھ اور سابق رکن اسمبلی منا لال گویل کے بیٹے آتش گویل کو ایڈیشنل ایس پی رشی کیش مینا نے نظر بند کر دیا۔