احمد آباد: احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جس کے بعد ایک بار پھر کروڑوں ہندوستانی شائقین کے خواب چکنا چور ہو گئے۔ آسٹریلیا کی اس جیت میں بائیں ہاتھ کے اوپنر ٹریوس ہیڈ نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ لیبوشین نے 58 رنز بنائے۔ فائنل میچ میں آسٹریلیا نے شروع سے ہی ہندوستان پر غلبہ حاصل کیا۔
یہ آسٹریلیا کا چھٹا ون ڈے ورلڈ کپ ٹائٹل ہے۔ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم 50 اوورز میں 240 رنز کے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 43 اوورز میں میچ جیت لیا۔ پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اوپنر ٹریوس ہیڈ اور پانچویں نمبر کے مارنس لیبوشان کی جوڑی نے آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 192 رنز کی شراکت کی جس کے سامنے تمام ہندوستانی گیند باز ناکام رہے۔ ہیڈ نے سنچری اسکور کی اور لیبوشین نے نصف سنچری بنائی۔ دونوں بلے بازوں نے ذہانت سے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے کینگرو ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ تاہم، ٹریوس میچ جیتنے سے 2 رنز قبل آؤٹ ہو گئے۔
ایک وقت میں آسٹریلیا نے 6.6 اوورز میں 3 وکٹیں گنوا دی تھی اس کے باوجود میچ پر آسٹریلیا کا غلبہ برقرار رہا۔ کینگرو ٹیم کو پہلا جھٹکا ڈیوڈ وارنر (7) کی صورت میں لگا جنہیں محمد سمیع نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بمراہ نے پانچویں اوور میں مچل مارش (15) کو پویلین بھیجا۔ اس کے بعد بمراہ نے ساتویں اوور میں اسٹیو اسمتھ (4) کو اپنا شکار بنایا۔