احمد آباد: انڈیا کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ کو چند لمحوں کے لیے روکنا پڑا، کیونکہ ایک فلسطین حامی میدان میں داخل ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان جاری فائنل میچ کے 14ویں اوور کے دوران ایک شخص میدان میں آ گیا اور کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ’ایک غیر متعلقہ شخص گراؤنڈ میں آ گیا۔ اس کے بعد چند لمحوں کے لیے میچ روک دیا گیا۔ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے شخص نے فلسطین کے جھنڈے والا ماسک پہنا ہوا تھا اور اس کی شرٹ پر انگریزی میں ’اسٹاپ بمبنگ فلسطین‘ یعنی ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی عبارت درج تھی۔