مالیگاؤں:ایمان والے سچ بولتے ہیں۔ احکام الٰہی کی پابندی و پاسداری کرتے ہیں۔ رضائے الٰہی و محبت رسالت پناہی ﷺ میں زندگی گزارتے ہیں ۔ہمیں چاہیے کہ قرآن مجید کی تلاوت کریں۔ ترجمہ کنزالایمان و تفسیر پڑھیں اور اس پر عمل کی سعی و کاوش بھی کریں۔اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے محبوب ﷺ کے احکامات کا یہ تقاضا ہے کہ ہم آخرت کی تیاری کریں۔آخرت کو یاد کریں۔اِس طرح کا اظہار خیال یکم دسمبر 2023ء قبل از نمازِ جمعہ مسجد اہلسنّت معینیہ(عوامی نگر) میں خطیب یورپ مبلغ اسلام حضرت علامہ محمد ارشد مصباحی (سربراہ: اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل یوکے)نے کیا۔ آپ نے ’’فکر آخرت‘‘ کے عنوان پر اپنے بصیرت افروز خطاب میں درجنوں آیاتِ مبارکہ تلاوت کیں اور ترجمہ کنزالایمان بیان فرمایا اور توضیح کی کہ آخرت پر ایمان کی کتنی تاکیدات آئی ہیں۔آپ نے فکر دی کہ آخرت پر ایمان مضبوط وپختہ کریں۔اسلامی تقاضا ہے کہ ہم دین کے معاملے میں کوشش کریں کہ دوسروں سے آگے نکل جائیں۔ نیک کاموں میں مسابقت اختیار کریں۔ آپ نے خدماتِ اعلیٰ حضرت امام احمد رضارحمۃ اللہ علیہ کے تناظر میں کہا کہ امام احمد رضا سے ہمیں دلی محبت و عقیدت ہے۔ بعدہٗ حضرت حافظ محمد میاں مالیگ نے ناصحانہ خطاب کیا۔ فرمایا کہ ابلیس نے انکارِ فضائلِ رسالت کیا تو مردود و جہنمی ہو گیا۔ ہمیں چاہیے کہ فضائل رسالت کے مومن بنیں۔ ابلیس کی راہ سے دور رہیں اور اپنے ایمان و عقیدہ کی حفاظت کی فکر کریں۔ باوضو رہیں۔ نمازوں کی پابندی کریں۔ داڑھیاں رکھیں۔ سنتوں پر عمل کریں۔ والدین کا احترام بجا لائیں۔ نماز جمعہ کے بعد صلوٰۃ وسلام کا نذرانہ مرتضیٰ احمد یوکے نے پیش کیا۔ اس موقع پرمولانا نیاز احمد مالیگ، حافظ محمد میاں مالیگ، علامہ محمد ارشد مصباحی کا استقبال حافظ شاہد رضا، الحاج محمد یوسف الیاس اور عابد سیٹھ نے کیا۔تعارفی تمہید غلام مصطفیٰ رضوی نے پیش کی۔
قرآن پاک مع ترجمہ کنزالایمان و تفسیر پڑھنے کو اپنا معمول بنائیں
دسمبر 03, 2023