آج مؤرخہ 27 دسمبر بروز بدھ صبح گیارہ بجے جمعیۃ علماء ضلع ناسک کے ایک وفد نے صدر جمعیت *حضرت مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب* کی قیادت وسیادت اور جنرل سکریٹری *حضرت مولانا مفتی خالد اقبال ملی رحمانی صاحب* کی رہنمائی وسرپرستی میں نور نگر نزد نوری ہال (عائشہ نگر) کے آگ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، وفد میں شامل صدر وجنرل سکریٹری کے علاوہ نائب صدر *ڈاکٹر اخلاق احمد انصاری رکن مجلس عاملہ ومنتظمہ مفتی محمد خالد شاہد ملی وعبدالسلام عطروالا اسی طرح ابونعمان انصاری ودیگر معاونین* نے آگ متاثرہ مکانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متاثرین سے حال واحوال دریافت کیا نیز انھیں صبر اور رجوع الی اللہ کی تلقین کی، شیخ محمود صاحب جن کے مکان میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا اور آگ چہار سو پھیل گئی انھوں نے اپنا درد دل وفد کے سامنے بیان کیا جنھیں وفد نے تسلی دی اور یہ باور کرایا کہ جمعیت ہرممکن آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان شاءاللہ حتی الامکان معاونت سے گریز نہیں کرے گی، وفد نے اپنے جائزے وسروے کے مطابق 20 سے زائد مکانات کے شدید نقصان اور پانچ سات مکان کے جزوی نقصان ہونے کی بات کہی اور شہر عزیز کے دینی سماجی فلاحی اور ملی تنظیموں سے بلاتفریق علاقے میں اپنی امداد پہنچانے کی گذارش کی۔
صدر واراکین جمعیۃ علماء ضلع ناسک نے علاقے کے سرکردہ افراد،معززین ومتاثرین سے گفت وشنید کی احوال کی دریافتگی کے ساتھ ہی بہترین مشوروں سے نوازا صدر جمعیت حضرت مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب کا بیان کردہ قابل ذکر مشورہ یہ تھا کہ متاثرہ علاقے کے ذمہ داران ایک سروے کمیٹی بنالیں جس میں مکانات کی سروے نمبر، ملکیت کے ساتھ ہونے والے کل نقصان کی تمام تفصیلات موجود ہو اس طرح جب بھی کوئی تنظیم اپنا تعاون پیش کرنے آئے اس کے سامنے اپنی سروے رپورٹ پیش کردی جائے اور اسی کی روشنی میں ان سے ان کے صوابدید کے مطابق امداد حاصل کی جائے، اس طریقۂ کار سے یہ ہوگا کہ فلاحی تنظیموں کے سامنے علاقے کی ضروریات کی رسائی بھی ہوجائے گی اور علاقے کی ضروریات کی تکمیل بھی ہوگی ان شاءاللہ۔
واضح ہوکہ جس وقت یہ سانحہ پیش آیا اس وقت صدرجمعیۃ علماء ضلع ناسک حضرت مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب اصلاح معاشرہ کمیٹی جمعیۃ علماء ضلع سانگلی کی دعوت پر اسلام پور اور نیرج میں ہونے والے اجلاس عام میں شرکت کی غرض سے سفر پر گئے ہوئے تھے موصوف نے اپنے سفر سے واپسی کے ساتھ ہی ایک ہنگامی دورے کا اعلان کیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ متاثرین کی داد رسی اور دلجوئی کے خاطر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور ضلع ناسک جمعیت کی طرف سے ہرممکن امداد کا تیقن دیا۔ اس دورے میں صدر جمعیۃ علماء ضلع ناسک حضرت مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب، مفتی خالد اقبال ملی رحمانی صاحب، ڈاکٹر اخلاق احمد انصاری صاحب، مفتی محمد خالد ملی صاحب، عبدالسلام عطروالا صاحب، ابونعمان انصاری صاحب ،عبدالرحیم صاحب، سابق کارپوریٹر رضوان انصاری صاحب، جاوید ممبر صاحب، عرفان بھائی، رضوان بھائی، طیب علی، ھارون بھائی، عمران بھائی، شریف بھائی کے علاوہ علاقے کے ذمہ دار وسرکردہ افراد شریک رہے۔۔۔۔
*شعبۂ نشر واشاعت؛*
*جمعیۃ علماء ضلع ناسک (ارشد مدنی)*