نئی دہلی : حزب اختلاف کے اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس’ (انڈیا) کی اتحادی جماعتوں کے اہم لیڈروں کی میٹنگ منگل کو ہوئی، جس میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی صدر ممتا بنرجی نے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار کیلئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا نام تجویز کیا۔ ذرائع کے مطابق کچھ دیگر لیڈروں نے بھی ممتا کی حمایت کی، لیکن کھڑگے نے کہا کہ ابھی انتخابات سامنے ہیں اور انہیں الیکشن جیتنے کے لئے کام کرنا ہے، پی ایم امیدوار بعد میں دیکھ لیں گے۔
میٹنگ میں اگلے لوک سبھا انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم، مشترکہ جلسہ عام اور از سر نو حکمت عملی بنانے سمیت کئی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اشوک ہوٹل میں منعقدہ اس میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، جے ڈی یو سے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور راجیو رنجن سنگھ، شیو سینا (یو بی ٹی) سے ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی محبوبہ مفتی، اپنا دل (کے) سے کرشنا پٹیل اور پلوی پٹیل اور کئی دیگر لیڈروں نے شرکت کی ۔