25 دسمبر کو، مالیگاؤں شہر میں ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس ناسک ڈسٹرکٹ چیپٹر (APCR) کی جانب سے شہر کے وکلاء و سماجی کارکنان سے ملاقات کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں شہر کے سماجی کارکنوں اور وکلاء نے شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز میں اعجاز شاہین نے قرآن مجید کی تلاوت پیش کی ۔ اس کے بعد افتتاحی گفتگو ایڈوکیٹ مومن مصدق (ضلعی صدر اے پی سی آر ناسک) نے کی۔
بعد ازاں مہاراشٹر نارتھ کے سکریٹری ایڈوکیٹ شعیب انعامدار صاحب نے اے پی سی آر کے کام اوراُسکے سماج پر پڑھ رہے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں قانون کی خلاف ورزی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کہا کہ اس کی وجہ قانون کے بارے میں شعور کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی آر 2006 سے پورے ملک میں عام شہریوں میں قانونی بیداری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ کسی بھی شخص کے قانونی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو مزید فرمایا کہ اے پی سی آر ملک بھر میں 1800 سے زائد مقدمات لڑ رہی ہے، اس کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو قانونی آگاہی اور قانونی مدد فراہم کرنا ہے۔
بعد ازاں ایڈووکیٹ نوید اختر (نائب صدر مالیگاؤں بار ایسوسیشن) نے اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا اور کہاکہ اے پی سی آر جیسی تنظیم کی ضرورت ناسک ضلع میں بڑی شدت کے ساتھ کئی برسوں سے محسوس ہو رہی تھی۔ہم اس تنظیم کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔
اس پروگرام میں ایڈووکیٹ شاہد اختر ،ایڈوکیٹ عبیداللہ، حامد برکتی صاحب، جمیل مسیح اللہ ، اعجاز شاہین ، و دیگر احباب موجود تھے۔