الحمد للہ آج بروز اتوار 3 دسمبر صبح 10 تا 12 مالیگاؤں گرلس ہائی اسکول مالیگاؤں میں آئیٹا( آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن ) کی ایک تعارفی نشست شاہد اقبال صاحب(امیر مقامی جماعت اسلامی ہند مالیگاؤں و چیئرمین الہدی سوشل ویلفیئر سوسائٹی مالیگاؤں ) کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز جامعۃ الہدی ہائی اسکول کے معاون مدرس مولانا اختر الاسلام ندوی صاحب کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ جامعۃ الہدیٰ ہائی اسکول کے معاون مدرس عبدالعظیم فلاحی نے استقبالیہ و افتتاحی کلمات نیز نشست کی غرض و غایت بھی بیان کی۔ آپ کے بعد سید شریف سر ( صدر آئیٹا مہاراشٹر ) نے مفصل انداز میں درس و تدریس اور اساتذہ و معلمات کے فرائض و ذمہ داریاں، آئیٹا کا مفصل تعارف، آئیٹا کی سرگرمیاں، ۔تنظیمی ڈھانچہ اور طریقہ کار نیز دیگر اساتذہ تنظیموں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا۔ آپ نے شرکاء کی جانب سے آئے ہوئے سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دیئے ۔بعدہ عارف حسین سر ( پرنسپل آفاق اکیڈمی منصورہ مالیگاؤں ) ، اشفاق لال خان سر ( معاون مدرس جے اے ٹی ہائی اسکول مالیگاؤں ) اور ڈاکٹر اشفاق عمر سر ( مؤظف صدر مدرس و ڈائرکٹر ثمر اکیڈمی مالیگاؤں ) نے یکے بعد دیگرے اپنے خیالات اور دلی جذبات کا اظہار کیا اور آئیٹا کے تئیں ہر قسم کے تعاون کا حتی المقدور وعدہ بھی کیا ۔اخیر میں صدارتی خطاب فرماتے ہوئے شاہد اقبال صاحب نے تعلیم کے ساتھ تربیت کی افادیت و ضرورت کا ذکر کیا۔ آپ نے اساتذہ کرام کو اپنی فرائض کو کما حقہ ادا کرنے کی تلقین کی نیز ان کی طلبہ و طالبات و سماج کے تئیں ذمہ داریوں و مقام کو بھی بیان کیا ۔بعد ازاں مقامی صدر کے لئے اساتذہ و معلمات کی تحریری آراء کے پیش نظر اشفاق لعل خان سر کا نام کا اعلان سید شریف سر نے کیا ۔تمام اساتذہ و معلمات کی خدمت میں تعارفی فولڈر اور ممبر سازی فارم پیش کیا گیا ۔اسٹیج پر شاہد اقبال صاحب، شکیل انصاری سر( ریٹائرڈ ٹیچر اے ٹی ٹی ہائی اسکول )، عارف حسین سر، اشفاق عمر سر، یوسف سر (ہیڈ ماسٹر جامعۃ الھدی ہائی اسکول )، مولانا زید ایوبی صاحب ،سید شریف سر اور الیاس سر ( صدر مدرس بی ایم سی و صدر آئیٹا ممبئی ڈیویژن ) موجود تھے ۔مولانا محمد زید ایوبی صاحب کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔ نظامت کے فرائض مزمل سر ( معاون مدرس جامعۃ الہدی ہائی اسکول ) نے بحسن خوبی انجام دیئے اور آپ ہی نے اظہار تشکر بھی ادا کیا۔ تمام شرکاء کی ضیافت کا نظم رہا۔ مختلف اسکولوں سے 30 اساتذہ و معلمات نے شرکت کی۔
مالیگاؤں میں آئیٹا کی تعارفی نشست
دسمبر 03, 2023