غزہ: غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 23708 ہو گئی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں 151 فلسطینی ہلاک جب کہ 248 زخمی ہوئے۔
وزارت کے مطابق 7 اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک 60005 فلسطینی اسرائیلی حملوں کی وجہ سے زخمی ہو چکے ہیں۔ متاثرین کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے کے نیچے ہے اور ایمبولینس و سول ڈیفنس کی ٹیمیں ان تک نہیں پہنچ سکتیں۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے پہلے غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلاح کے مغرب میں الاقصیٰ شہید اسپتال کے قریب ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس اور وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی مہاجر کیمپ میں مسلح جھڑپیں ہوئیں۔