ہندوستانی ٹینس کھلاڑی سُمت ناگل نے آج آسٹریلیائی اوپن میں اپنی شاندار کارکردگی سے سبھی کو حیران کر دیا۔ انھوں نے مردوں کے سنگل مقابلے میں اپنے سے کہیں بہتر رینکنگ والے کھلاڑیوں کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں بڑا الٹ پھیر کر دیا ہے اور دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ پہلے راؤنڈ میں انھوں نے 27ویں رینکنگ والے الیکزنڈر ببلک کو سیدھے سیٹس میں 4-6، 2-6، 6-7 سے ہرایا۔ الیکزنڈر کو اس ٹورنامنٹ میں 31واں سیڈ حاصل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ناگل 2013 کے بعد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے والے پہلے ہندوستانی مرد کھلاڑی ہیں۔ سومدیو دیوبرمن نے 2013 میں دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔ اتنا ہی نہیں، 1989 کے بعد پہلی بار کسی ہندوستانی کھلاڑی نے آسٹریلیائی اوپن کے سنگلز میچ میں سیڈیڈ کھلاری کو شکست دی ہے۔ 1989 میں رمیش کرشنن نے ایسا کیا تھا۔ تب انھوں نے دوسرے دور میں سویڈن کے میٹس ولینڈر کو ہرایا تھا۔ اس وقت ٹینس رینکنگ میں ولینڈر وہ دنیا کے سرفہرست کھلاڑی تھے۔
بہرحال، سُمت ناگل نے دوسری بار کسی گرینڈ سلیم کے اصل ٹورنامنٹ میں جیت حاصل کی ہے۔ اس سے قبل 2020 یو ایس اوپن میں وہ مین ڈرا میں ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔ انھوں نے ساتویں بار ٹینس رینکنگ میں سرفہرست 100 میں شامل کھلاڑی کو ہرایا ہے۔ حریف کھلاڑی کی رینکنگ کے لحاظ سے یہ سُمت ناگل کی دوسری بڑی جیت ہے۔
آج کھیلے گئے میچ کی بات کی جائے تو سُمت نے شاندار شروعات کی اور پہلے سیٹ سے ہی اپنا دبدبہ بنایا۔ انھوں نے الیکزنڈر کی تین سروس بریک کی اور پہلا سیٹ آسانی سے 4-6 کے فرق سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں وہ مزید بہترین انداز میں کھیلتے دکھائی دیے۔ الیکزنڈر ببلک نے کچھ غلطیاں بھی کیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناگل نے دوسرا سیٹ 2-6 کے فرق سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی اور ٹائی بریک میں ناگل نے جیت حاصل کی۔ انھوں نے یہ سیٹ 6-7 سے جیتا اور میچ بھی اپنے نام کر لیا۔