مالیگاؤں (راست و نامہ نگار) : مہاراشٹر میں تمام پاورلوم سینٹرس کی زبوں حالی کی وجوہات تلاش کرنے اور صنعت پارچہ بافی کو قائم و دائم رکھنے کے لئے حکومت مہاراشٹر نے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے رئیس شیخ صاحب کی جدوجہد سے ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دی ہے. اس جائزہ کمیٹی کے دائرۂ اختیار کے مطابق پاورلوم بُنکروں سے حالات جاننے کے لئے آج سماج وادی پارٹی کی مالیگاؤں یونٹ کے زیرِ اہتمام "بُنکر پریشد" کا انعقاد کیا گیا ہے. بُنکروں کے مسائل کو سنجیدگی سے سُن اور سمجھ کر کوئی ایسا مسودہ سرکار کو پیش کیا جائے جس سے ہمارے اسلاف کی خون پسینے سے سینچی گئی صنعت کو استحکام ملے یہی "پاورلوم پریشد" کا اصل مقصد ہے.
"پاورلوم پریشد" کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں. پروگرام کے انتظامات سنبھالنے والے ذرائع سے حاصل تفصیلات کے مطابق پروگرام اپنے وقت سے پہلے ہی شروع ہونے کے امکانات ہیں کیوں کہ انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے شام سات بجے سے ہی ایل ای ڈی اسکرین کے ذریعے ساتھی نہال احمد صاحب، ساتھی بلند اقبال، ایم ایل اے رئیس شیخ اور جناب ابوعاصم اعظمی کی صنعت کے تعلق سے کارگزاری کی ویڈیوز اور تقاریر نشر کی جائیں گی. کل ملا کر "پانی پریشد" کے بعد ایک اور سنجیدہ پروگرام آج رات ہونے کی چرچا شہر بھر میں جاری ہے.