شہر عزیز کی انگریزی کے ٹیچرس کی فعال اور کار گزارتظیم آل مالیگاؤں انگلش ٹیچرس ایسوسی ایشن امیٹا اور ملت انگلش میڈیم اسکول کے زیر اہتمام مورخہ اکتیس دسمبر بروز اتوار صبح نو بجےاے ایم ٹی آڈیٹوریم، بڑی مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جو نیر کالج میں ضلع ناشک کی اردو ہائی اسکولوں کے درمیان انگریزی تقریری مقابله منعقد ہوا، جس میں ضلع کی اٹھائیس ہائی اسکولوں کے طلباء وطالبات شریک ہوئے۔ تمام شرکاء نے بہت ہی خود اعتمادی کے ساتھ مؤثر انداز میں تقریریں پیش کیں۔
جے۔ اے۔ ٹی۔ گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی دسویں جماعت کی طالبہ عرشین فاطمہ انیس احمد نےاول انعام حاصل کیا۔ دوسرا انعام اے۔ ٹی۔ ٹی۔ ہائی اسکول و جونیئر کالج کی طالبہ مومن عائشہ وسیم ذوالفقار نے حاصل کیا اور تیسرا انعام تہذیب ہائی اسکول کی طالبہ شگوفہ سمن مشتاق احمد نے حاصل کیا ۔اول انعام یافتہ کو ایک ٹرافی، تین ہزار روپے نقد ، قرآن مجید، انگریزی بول چال کی کتاب اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔ دوم انعام یافتہ کو ٹرافی، دو ہزار روپے نقد، قرآن مجید، انگریزی کی کتاب اور سرٹیفکیٹ، سوم انعام یافتہ کو ٹرافی، ایک ہزار روپے نقد، قرآن مجید، کتاب اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس با مقصد پروگرام کا آغاز امیٹا کے سکریٹری امین ساگر سر کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ صدارت کے فرائض سوئیس کیمپس کے سکریٹری حاجی عبد الرحیم سیٹھ چمڑے والے صاحب نے انجام دی ۔ انصاری ضیاء الرحمن زری والا ( پرنسپل مالیگاؤں سینئر کالج) نے اپنے کلیدی خطبہ میں زبان کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ اس طرح کے مقابلوں کی اہمیت اور ضرورت کو واضح کیا ، ساتھ ہی ساتھ تعلیم کی موجودہ صورت حال پر سیر حاصل گفتگو کی۔ شکیل انصاری سر (سرپرست امیٹا) نے امیٹا کے صدر و اراکین کو مبارکباد پیش کی اور طلبا کی اعلیٰ معیار کی انگریزی میں تقریر پیش کرنے پر سراہنا کی۔ پروگرام میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد احمد، ڈاکٹر احتشام دانش، چاند خان، زاہد سر، راشدہ محمد مصطفیٰ اور فیروز دلاور صاحبان بہ نفس نفیس حاضر رہے ۔
جج کے فرائض راشد فیض سر، عظمت اقبال سر اور شاہ اختر سر نے انجام دیے ۔ امیٹا کے تمام ایگز یکٹیو ممبران، اشفاق لعل خان ، انصاری اخلاق، امین ساگر، فیضی عبد الرحمٰن ، صغیر شیخ ، محمد الیاس ، رضوان عنبر، عبد المالک در گاہی، محمد عادل ،سہیل احمد صاحبان نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں نتیجہ خیز محنت کی۔