آئندہ 22جنوری کو اجودھیا میں زیر تعمیر رام مندر میں رام للا کے پران پرتشٹھا تقریب کےپیش نظر اترپردیش حکومت نے زمینی، ہوائی اور آبی سیکورٹی انتظامات کو سخت کردیا ہے۔حکومت نے اس کے پیش نظر وسیع پیمانے پر ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ مینول ایجنسیز کو تعینات کیا ہے۔ جہاں یوگی حکومت نے اجودھیا میں یوپی پولیس بشمول اے ٹی ایس، ایس ٹی ایف، پی اے سی، یو پی ایس ایس ایف جیسی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا ہے۔ وہ اے آئی ، اینٹی ڈرون سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی استعمال کررہی ہے۔
این ڈی آر ایف کا دستہ سریو ندی اور گھاٹوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ ایودھیا مہمانوں کی حفاظت کے لیے بار کوڈنگ کا بھی نفاذ کر رہی ہے۔ اجودھیا زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پروین کمار نے کہا کہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت کے مطابق رام مندر پران پرتشٹھاتقریب کے لئے اجودھیا میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔دھام کی سیکورٹی کو دو زمروں سرخ اور پیلے میں تقسیم کیا گیا ہے۔کمار نے کہا کہ سی آر پی ایف اور این ڈی آر ایف جیسی مرکزی ایجنسیوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انٹیلی جنس بیورو اور را کے درمیان کوآپریشن کو بھی لیا جا رہا ہے-
سیکورٹی ٹیم میں ریاست کے مختلف اضلاع کے 100 سے زیادہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DSP)، تقریباً 325 انسپکٹر اور 800 سب انسپکٹر شامل ہیں۔ مزید برآں، مین تقریب سے قبل پولیس اور نیم فوجی دستوں کے 11,000 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔وی آئی پی سیکیورٹی کے لیے تین ڈی آئی جیز، 17 ایس پیز، 40 اے ایس پیز، 82 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز، ایک ہزار سے زائد کانسٹیبل اور پی اے سی کی 4 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔
آئی جی نے کہا کہ پروگرام کے پیش نظر نفری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی کوتاہی سے بچنے کے لیے سیکیورٹی آپریشنز میں شامل تمام ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت ریل سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جی آر پی کے لیے مناسب اضافی سیکورٹی اہلکار فراہم کیے گئے ہیں۔ اجودھیا میں تعینات فورسز عقیدت مندوں اور مہمانوں کے ساتھ مناسب تال میل کو یقینی بنانے کے لیے طرز عمل کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے 250 پولیس گائیڈز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 14 جنوری کو ڈیجیٹل ٹورسٹ ایپ لانچ کیا جائے گا۔
یوگی حکومت اجودھیا میں سیکورٹی کو سخت کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے آئی ٹی ایم ایس، پولیس کے ذریعے سی سی ٹی وی، کنٹرول روم اور پبلک سی سی ٹی وی کے ذریعے پورے شہر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔مزید برآں، پوری اجودھیا 12 اینٹی ڈرون سسٹم سے لیس ہے، جس سے زمینی، آبی اور ہوا ئی تمام سرگرمیوں کی نگرانی کی جا سکتی ہے۔ پروگرام کے دوران وی آئی پیز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے بغیر کسی تکلیف کے بار کوڈنگ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔