امپھال: راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ 14 جنوری کو منی پور سے شروع ہوئی تھی اور آج دوسرے دن بھی منی پور میں یہ یاترا جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ دوسرے دن ہزاروں افراد سڑک پر راہل گاندھی کا استقبال کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ ان لوگوں کو سابق کانگریس صدر نے یقین دلایا کہ وہ منی پور کو ایک بار پھر پرامن اور ہم آہنگی سے بھرپور ریاست بنائیں گے۔
بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوسرے دن راہل گاندھی نے اپنے ایک مختصر خطاب میں اس یاترا کو منی پور سے شروع کرنے کا مقصد لوگوں کو سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’منی پور سے نیائے یاترا شروع کرنے کا مقصد پورے ملک میں ایک طاقتور پیغام دینا تھا اور لوگوں کو اس بات سے آگاہ کرنا تھا کہ منی پور کے لوگ کس طرح کے حالات سے گزر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں کئی لوگوں سے ملتا رہا ہوں اور محسوس کر سکتا ہوں کہ وہ کس درد و المیے سے گزرے ہیں۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ تشدد میں رشتہ داروں اور جائیدادوں سے محروم ہونے کا کیا مطلب ہے۔‘‘