اسپیشل اسٹوری : فرحان حنیف وارثی
خوابوں اور حادثوں کے شہر، اب اردو کی کتابوں کابھی شہر بن چکاہے ۔ یہاں کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع کینارہ بینک کے مقابل آر 2؍گراؤنڈ میںگزشتہ سنیچر سے ’ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان‘ ( نئی دہلی ) اور ’ انجمن اسلام ‘ ( ممبئی ) کے اشتراک سے منعقد ہ ’ اردو کتاب میلہ 2024‘ کا آغاز ہو چکاہے اور آج ( پیر8؍جنوری ) اس کتاب میلے کا تیسرا دن ہے ۔یہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اردو کی کتابوں کا میلہ ہے جس کے انعقاد اور کامیابی کے لیےقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور ممبئی کے انجمن اسلام کے علاوہ ، اردو کارواں ، گل بوٹے ،عوامی ادارہ ، اردو گگن سنستھا ، پاسبان ادب ، اردو چینل ، مجروح اکیڈمی ، اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور دیگر ادارے ، اور بھیونڈی سمیت اطراف و اکناف کے علاقوں کے محبانِ اردو نے شبانہ روز محنت کی ہے ۔این سی پی یو ایل کے مذکورہ کتاب میلے کے انچارج اجمل سعید ہیں جو اس اردو کتاب میلے کے اہتمام ، پبلسٹی اور کامیابی کےلیے کئی مہینوں سے متحرک ہیں ۔
فعال صحافی اوراینکر امیتاز خلیل کے بقول : قومی کونسل نے بارہ برسوں کے بعد عروس البلا دمیں اردو کتاب میلے کا اہتمام کیاہے ۔ اس اردو کتاب میلے میں ہندوستان کے 182؍پبلشرز اور بُک سیلرزنے شرکت کی ہے ۔کتابوں کا خزانہ ہے ۔یہاں تین لاکھ سے زائد کتابیں محبان ِ اردو کا انتظار کررہی ہیں۔ اردو کے اس سب سے بڑے کتاب میلے میں قومی کونسل اور انجمن اسلام کی جانب سے آپ کو مدعو کیا جا رہاہے ۔آپ اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر ضرور آئیں ۔آپ کو یہ ثابت کرنا ہے کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ اردو سے محبت کرنے والے یہاں موجود ہیں ۔‘امتیاز خلیل اس اردو کتاب میلے کے منتظمین میں شامل ہیں اور وہ ممبرا اور مالیگاؤں میں اردو کتاب میلے کے انعقاد کا اچھا خاصا تجربہ رکھتے ہیں ۔
بچوں کے ادبی رسالے ’ گُل بوٹے ‘( اسٹال نمبر 176)کے روح رواں فاروق سید بتاتے ہیں :’ ہمارے اسٹال پرایک 26؍ کتابوں کا سیٹ ہے جس میں اردو کے کلاسیکل ادباء اور شعراءکی کتابیںشامل ہیں ۔ یہ سبھی کتابیں اہم اور کمیاب ہیں ۔بڑا قیمتی خزانہ ہے ۔اس کے علاوہ ’ گُلدستے ‘ نامی ایک منفرد ڈائریکٹری ہے ۔ اس میں موجودہ دورمیں بچوں کا ادب لکھنے والے اُن قلمکاروں کے نام ، موبائل نمبر اور ایڈریس دئے گئے ہیں ، جن کی کم ازکم ایک کتاب شائع ہوچکی ہے ۔‘ فاروق سیدکی جانب سے بچوں اوربڑوں کو مفت میں چھ ماہ کے لیے ’ گُل بوٹے ایپ ‘ بھی دیا جا رہا ہے ۔ یہ ایپ بے حد کارآمد ہے ۔ ’ گُل بوٹے ‘ کے اسٹال پر بچوں کے لیے ایک دلچسپ پیش کش بھی رکھی گئی ہے ۔یہاں 20؍روپے کی ایک لاٹری کا کوپن دستیاب ہے جس کی روزانہ شام میں قرعہ اندازی کی جائے گی اور جیتنے والے خوش نصیب بچے کو 5000؍روپےکی کتابوں کا تحفہ دیا جائے گا ۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ جیتنے والے بچے کی تعداد میں روزانہ ایک بچے کا اضافہ کیا جائے گا ۔ یعنی پہلے دن ایک ، دوسرے دن دو ، تیسرے دن تین ، اور اسی طرح نویں دن 9؍ بچوں کو پانچ پانچ ہزارروپے کی کتابیں دی جائیں گی ۔’ گُل بوٹے ‘ کی طرف سے پہلے دن ایک ، اور دوسرے دن دو بچوںکو پانچ پانچ ہزار روپے کی
کتا بوںکاتحفہ دیا گیا ۔
ملحوظ رہے کہ اردو کتاب میلے کی پہلےدن کی میزبانی ’ گُل بوٹے ‘ نے کی تھی ۔ممبئی میں اردو اِن پیج سافٹ ویرکے لیے مشہور سید منظر نے بھی اس مرتبہ اردو کتاب میلے میں ’ منظر ٹائپ سیٹنگ ٹُول ‘کے نام سے اپنا اسٹال ( نمبر 137) لگایاہے ۔ وہ بتاتے ہیں :’ اس اِ ن پیج کی تخلیق میں نے کی ہے ۔ یوں عام دنوں میں ا س کی قیمت 7500؍روپے ہے ، مگر میلے کے لیے میں نے 2500؍روپے کا ڈسکاؤنٹ کیاہے اور 5000؍ روپے میںاسے بیچ رہاہوں ۔‘ منظر ٹائپ سیٹنگ ٹُول ( اردو /عربی ) اپنے اندر کئی خاصیت رکھتا ہے ۔ اس میں اعراب اور نقطے کے لیے ایک الگ بٹن دیا گیاہے جو آپ کو دوسرے اِ ن پیج میں نہیں ملے گا ۔اس کےعلاوہ اس میں طغروں ، آیات اور اشعار لکھنے کےلیے کتابت کا فونٹ دیا گیاہے ۔علی نستعلیق کی بات ہی کچھ اور ہے ۔ اتنا دیدہ زیب فونٹ ابھی تک کسی نے بنایا نہیں ہے ۔ایک خاص بات شاپنگ ورڈس بھی ہے ۔‘سید منظر نے بتایا کہ سنیچر کے دن میلے میںکافی رش تھا۔اتوار کوشام میں زیادہ تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔’ اردو کارواں ‘ کے روح ِ رواں اور کتاب میلے کے میڈیا انچارج فرید خان کے بقول : ’ آج دن میں علماءکا سیشن تھا ۔اوسط تعداد میں رش تھا۔البتہ شام کے بعدلوگوں کی بھیڑ دکھائی دی ۔ ڈرامہ بھی تھا ۔مجموعی اعتبار سے بہتر دن رہا ۔امید ہے کہ آگے بھی محبان اردو آئیں گے اور اپنی پسند کی کتابیں خریدیں گے ۔‘
قومی کونسل کا یہ 26؍ واں قومی اردو کتاب میلہ ہے ۔یہاں ممبئی ، مالیگاؤں ، حیدر آباد ، لکھنٔو اور نئی دہلی سمیت دیگر شہروں سے بھی پبلشروں اور کتب فروشوں نے شرکت کی ہے ۔اس میلے میں پاریکھ بُک ڈپو ( لکھنٔو) ، حرابُک سیلر( لکھنٔو) ،البلاغ ( نئی دہلی ) ، این سی پی یو ایل ( نئی دہلی ) ،مکتبہ احسن ( لکھنٔو) ، مکتبہ السید ( حیدر آباد) ، رحمانی پبلی کیشن ( مالیگاؤں ) ،ثمر پبلی کیشن ( مالیگاؤں ) ،ماہنامہ گلشن اطفال ( مالیگاؤں )، ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس ( نئی دہلی ) ، عرشیہ پبلی کیشنز ( نئی دہلی ) ،ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس ( نئی دہلی ) مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ ( ممبئی ) ، نیو زٹاؤن پبلشرز( ممبئی ) ، سیفی بک ایجنسی ( ممبئی ) ، کتاب دار پبلی کیشنز ( ممبئی ) اور مولانا عبدااسلام قاسمی بُک سیلر ( ممبئی ) اور دیگر کے اسٹال موجود ہیں ۔مذکورہ اردو کتاب میلے میں روزانہ شام ساڑھے پانچ بجے سے سات بجے تک انصاری رضوان احمد اور محمد عمر( ہیڈ ماسٹر، شیخ مصری درگاہ اردو میونسپل اسکول ) اردو سیکھنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو اردو سکھا رہے ہیں ۔’ کاوش‘ نےاردو سکھانے کے اس پروگرام کو ڈیزائن کیا ہے ۔